دوبئی ( پی آئی ڈی) دوبئی ایکسپو 2020ء پاکستان پویلین کشمیر گیلری میں تین روزہ سپورٹس ٹورازم کا آغاز کردیا گیا۔وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے پاکستانی کرکٹ سٹارز شعیب ملک اور محمد عامر کے ہمراہ کشمیرپریمئر لیگ سیزن 02کی رونمائی (لانچنگ )کردی ۔آزادکشمیر کے سیکرٹری سیاحت منصورقادر ڈار،کے پی ایل کے چیئرمین ارشد چوہدری ، صدر عارف ملک اور ڈی جی کلچرل اکیڈمی ڈاکٹر عرفان اشرف بھی تقریب رونمائی میں موجود تھے ۔
شائقین کی کثیر تعداد پاکستانی سٹارز کو دیکھنے کشمیر گیلری میں موجود تھی ۔ کشمیر گیلری آمد پر پاکستانی کرکٹرز پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ شائقین نے کرکٹر کی محبت میں نعرے بازی بھی کی ۔اس موقع پر کانفرنس بعنوان آزادکشمیر میں کھیلوں سے سیاحت کا فروغ ‘سے خطاب کرتے ہو ئے وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہا کہ پوری کشمیری قوم کو خوشی ہے کہ کشمیر اور کشمیری مصنوعات اب دوبئی عالمی نمائش کا حصہ بن چکی ہیں جبکہ کشمیر پریمئر لیگ بھی بین الاقوامی معیار کی لیگ بن چکی ہے جس کا ثبوت بین الاقوامی کرکٹ ستاروں کا آزادکشمیر میں آکر کھیلنا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر ایک پرامن خطہ ہے اور کشمیر پریمئر لیگ جیسے میگا ایونٹ کا انعقاد ہونا اس کا واضح ثبوت ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں نہ تو صحافیوں کو جانے دیا جاتا ہے نہ کھیلوں کے میدان آباد ہیں ۔وہاں ہر طرف بھارتی فوج کی بربریت ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس عالمی نمائش میں کشمیر کو نمائندگی کا موقع ملا جس پر حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ آزادکشمیر کی دوبئی ایکسپو میں نمائندگی سے پہلی مرتبہ کشمیرسے متعلق مصنوعات ، سیاحتی، صنعتی ومعدنیات سے متعلق پوٹینشل کو عالمی فورم پر رونمائی ملی جس کے فوری نتائج بھی نکلے اور 5000ملین سے زائد کی سرمایہ کاری کے ایم او یوز پر دستخط ہوئے ۔
انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں کھیلوں کے ذریعے سیاحت کا فروغ چاہتے ہیں ۔کشمیرپریمئر لیگ نے کشمیر کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے پیش کیا ہے ۔جس کی وجہ سے بین الاقومی کرکٹ ستارے بھی آزادکشمیر آئے ، شعیب ملک ، محمد عامر اور ہرشل گبز جیسے ستارے کشمیر کے سفارتی سفیر بنے اور کشمیر پریمئر لیگ ایک بین الاقوامی معیار کی لیگ بنی جس کا کریڈٹ پریمئر لیگ کی انتظامیہ کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب آزادکشمیر میں بین الاقوامی ٹورنامنٹس ہورہے ہیں ،
کھیلوں کے میدان آباد ہیں اور فضاوں میں پیر اگلائیڈرز فن کا مظاہرہ کررہے ہیں تو دوسری جانب سری نگر اور مقبوضہ کشمیر کے قصبے ودیہات لہو لہان ہیں ، میدانوں میں بھارتی بربریت اور سفاکیت سے شہادت کا رتبہ پانے والوں کے جنازے ہیں۔ہماری دعا ہے کہ ہمارے جسم کا حصہ جلد آزادی کی منزل سے ہمکنار ہو اور وہ بھی آزادی کی بہاریں دیکھتے ہوئے کھیلوں کے میدان آباد کرسکیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے سیکرٹری سیاحت، سپورٹس ، یوتھ وکلچر منصورقادر ڈار نے پاکستانی کرکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کشمیر اور کشمیری مصنوعات کو عالمی سطح پر پذیر ائی ملی جس کا کریڈٹ حکومت پاکستان اور پاکستان پویلین کی انتظامیہ کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیرگیلری کے قیام کامقصد جہاں آزادریاست جموں وکشمیر کے سیاحتی ، صنعتی پوٹینشل کو اجاگر کرنا تھا وہی کشمیر کے سافٹ امیج کو دنیا کے سامنے لانا ہے ،
انہوں نے کہاکہ عالمی نمائش میں کشمیری مصنوعات اور منصوبہ جات کی رونمائی کے پیش نظر سرمایہ کاروں نے 18 ایم او یو ز پر دستخط کیے ہیں جو موجودہ حکومت اور ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔ کرکٹ کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر میں ونٹر سپورٹس اور ایڈونچر سپورٹس کے مواقع موجود ہیں، حکومت پیر اگلائیڈنگ کے بین الاقوامی مقابلے کا بھی اہتمام کرانے جارہی ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر پریمئر لیگ کے صدر عارف ملک نے کہاکہ ان کی عالمی نمائش میں کشمیرپریمئر لیگ سیزن 02کی رونمائی کا مقصداس لیگ کی بین الاقوامی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔شعیب ملک، محمد عامر ، وسیم اکر م کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز بھی تین روزہ سپورٹس ٹورازم کا حصہ ہوں گے ۔سیزن 02میں کشمیر اور بین الاقوامی کرکٹ ستاروں کو بھی زیادہ سے زیادہ مواقع دیئے جائیں گے تاکہ کشمیر پریمئر لیگ کے قیام کے مقاصد پورے ہوں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈز بھی دی گئیں جبکہ شعیب ملک نے پاکستان پویلین کے باہر شائقین کے مختلف سوالات کے جوابات دئیے ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں