وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے محسن، سفیر اور وکیل ہیں، پاکستان اور مسلم امہ کو عمران خان کی ضرورت ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد ( پی آئی ذی) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے محسن،سفیر اور وکیل ہیں،پاکستان کو اور مسلم امہ کو عمران خان کی ضرورت ہے۔عمران خان ایماندار،جرات مند اور دیانتدار لیڈر ہیں۔اپوزیشن نے خریدوفروخت کی جو منڈیاں لگائی ہوئی ہیں اس میں اسے ناکامی ہوگی۔ملک سے بھاگے ہوئے لیڈر اور لوگوں سے منہ چھپا کر پھرنے والے اب کس منہ سے عوام کے پاس آرہے ہیں۔

اسلامی سربراہی کانفرنس کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں کشمیر کے حوالے سے مدلل قراردادیں منظور کی گئیں جن میں بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ 5 اگست کے اقدامات کو واپس لے۔پی ٹیء آئی Absolutely Not جبکہ اپوزیشن Do More ہے۔پی ڈی ایم نے دوسروں کے کہنے پر تماشہ لگایا ہوا ہے۔افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کنٹرول لائن پر بسنے والوں اور ایل او سی سے پار کے کشمیریوں کو افواج پاکستان سے حوصلہ ملتا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں قائد اعظم کے بعد عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصویریں لگائی گئی ہیں جو ہمارے لئے ایک اعزاز ہے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ ڈپٹی سپیکرچوہدری ریاض گجر،وزراء حکومت چوہدری محمد رشید،دیوان علی چغتائی،پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری راجہ منصور،سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر ارشاد محمود و دیگر مرکزی پارٹی عہدیدار بھی وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے ہمراہ موجود تھے۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ 1974 کے بعد عمران خان کی سربراہی میں پاکستان کو مسلم امہ کے وزراء خارجہ کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا جو پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے عمران خان نے مسلم امہ کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی اور اسلاموفوبیا کے خلاف جاندار موقف اپنایا عمران خان کی تحریک پر اقوام متحدہ نے پندرہ مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد بھی پاس کی عمران خان اسلامی ملکوں کے لیڈر کے طور پر سامنے آئے جس سے پاکستان کے وقار میں اضافی ہوا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ابھی سیاسی طور پر نابالغ ہیں انہیں اپنے نانا کی سیاست کو فالو کرنا چاہیے۔

اپوزیشن او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس روکنا چاہتی تھی اسے ہوش کے ناخن لینے چاہیں۔انہوں نے کہا کشمیری کل بھی ایک جلسہ کر رہے ہیں جس میں اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا جائے گا یہ خالصتا کشمیریوں کا جلسہ ہو گا جس میں پی ٹی آئی کی لیڈر شپ بھی شرکت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کے تاریخی جلسے میں آزاد کشمیر کے تینوں ڈویڑن سے تحریک انصاف کے لوگ بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنے لیڈر عمران خان سے اظہار یک جہتی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میرے وسائل اوراثرورسوخ پارٹی اور پارٹی لیڈر کیلیے حاضر ہے اپوزیشن پھر چھانگا مانگا اور مری کی سیاست کرنا چاہتی ہے مگر اسے ناکامی ہو گی میرے لیڈر عمران خان نے صاف اور واضح بتا دیا ہے کہ وہ نہ جھکے گا اور نہ اپنے موقف سے جو پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لیے نہایت اہم ہے ایک انچ بھی پیچھے ہٹے گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں