مظفرآباد (پی آئی ڈی) یوم پاکستان 23مارچ کی مناسبت سے دارالحکومت مظفرآباد میں پرچم کشائی کی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس کے احاطہ میں منعقد ہوئی۔ آزادکشمیر کے وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد سید اظہر گیلانی، ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ، ایس ایس پی یاسین بیگ سمیت طلبہ و طالبات، بوائز سکاؤٹس، گرلز گائیڈز، پولیس، انتظامیہ اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ پاکستان نہ صرف ہمارے لیے بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم نعمت ہے۔ آج کا دن ہمارے لیے ایک عظیم دن ہے۔ جس دن قرار داد پاکستان منظور کی گئی۔ اسی قرار داد کی وجہ سے آج پاکستان کا مسلم امہ میں ایک اہم مقام ہے۔ کل او آئی سی کانفرنس میں پاکستان کو جو مرتبہ ملا اسکی وجہ بھی یہی قرار داد ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نے او آئی سی کانفرنس میں مسلم امہ اور کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے کسی تحفے سے کم نہیں ہے۔ پاکستان کی وجہ سے ہی لائن آف کنٹرول کے اس پار تحریک آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے حوصلے بلند ہیں اب وہ دن دور نہیں جب ہم سب ملکر سرینگر میں یوم پاکستان کی تقریب منائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد ندیم احمد جنجوعہ نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے قومی دن جو ش خروش سے مناتی ہیں۔
23مارچ کا دن ہمارے لیے سب سے اہم دن ہے جس دن مسلمانان برصغیر نے اپنے مستقبل کی راہ متعین کی تھی اس دن کو منانے اور اس تقریب کو شایان شان طریقے سے منانے کے انتظامات پر تمام محکمہ جات مبارکباد کے مستحق ہیں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، شہداء کے درجات کے بلندی اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں