او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ( پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون رابطہ تنظیم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست 2019کوبھارت کی طرف سے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس کرائے۔ اس کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے نتیجے میں جو قتل عام ہوا ہے اقوام متحدہ کے نمائندوں کو اُس کی تحقیقات کے لئے مقبوضہ کشمیر جانے دیا جائے اور اقوام متحدہ کی کشمیر پر قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے۔

میں اسلامی تعاون رابطہ تنظیم (OIC) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ کا انتہائی شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے اپنے خصوصی نمائندے یوسف الدوبی کو مظفرآباد اور اسلام آباد بھیجا تاکہ وہاں کے معاملات کا آزادانہ طور پر جائزہ لے سکے۔ اسی طرح گزشتہ روز بھی اسلامی تعاون رابطہ تنظیم (OIC) کے کشمیر رابطہ گروپ میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا اور ہماری طرف سے ایک یاداشت بھی پیش کی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسلامی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں خصوصی اجلاس سے تمام کشمیریوں کے نمائندے کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یاد رہے کہ اسلامی تعاون رابطہ تنظیم (OIC) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے بیرسٹر سلطا ن محمود چوہدری کو خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

اس مرتبہ اسلامی تعاون رابطہ تنظیم (OIC) کہ 48ویں اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو انتہائی اہمیت دی گئی اور صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اسلامی تعاون رابطہ تنظیم (OIC)کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں خطاب کا موقع دے کر ایک واضح پیغام دیا گیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اسلامی تعاون رابطہ تنظیم (OIC) کا کردار انتہائی اہم ہے لہذا اسلامی تعاون رابطہ تنظیم (OIC) مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے اور بھارت کی طرف سے پانچ اگست 2019کے اقدامات واپس کرانے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ اسی طرح مقبوضہ کشمیرمیں جاری بربریت کی تحقیقات کے لئے اقوام متحدہ کے نمائندوں کو جانے کی اجازت دی جائے اور مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے اقدامات کیے جائیں۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں