مظفرآباد (پی آئی ڈی) پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم و صدر تحریک انصاف خواتین ونگ آزادکشمیر پروفیسر تقدیس گیلانی کی زیر صدارت خواتین ونگ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خواتین ونگ کی تمام تنظیموں کی عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلا س میں 27مارچ اسلام آباد میں ہونے والے تحریک انصاف کے جلسہ میں خواتین ونگ آزادکشمیر کی جانب سے بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا گیا۔
صدر تحریک انصاف خواتین ونگ آزادکشمیر پروفیسر تقدیس گیلانی نے ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل کی سطح پر خواتین کی جلسہ میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے خواتین عہدیداران کوذمہ داریاں سونپ دین۔۔ اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ 27مارچ کے جلسہ میں آزادکشمیر بھر سے خواتین کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنائیں گے۔ وزیرا عظم عمران خان نے جس طرح کشمیر یوں کی آواز کو ہر سطح پر بھرپور انداز میں بلند کیا اور آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے فنڈز فراہم کیے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ اس لیے ہمارا بھی فرض ہے کہ ہم اپنے قائد کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے لیے اپنے گھروں سے نکلیں اور یہ ثابت کریں کہ ہم اپنے قائد عمران خان کو کسی بھی صورت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے ایک مضبوط خارجہ پالیسی اپنا کر کشمیریوں کا مقدمہ عالمی فورمز پر پیش کیا۔ عمران خان نے جس طرح عالمی سطح پر قوم کا سر فخر سے بلند کیا،اسی وجہ سے مخالف لابیاں ان کے خلاف ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جس طرح پیسے کے ذریعے لوگوں کے ضمیر خرید رہی ہے وہ قوم کے سامنے ہے، ان کو ایک مرتبہ پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ 27مارچ کا جلسہ فقید المثال ہو گا،خواتین زیاد ہ سے زیادہ جلسے میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ خواتین کو جلسہ میں شرکت کے لیے ٹرانسپورٹ مہیا کی جائے گی، جبکہ جلسہ گاہ میں خواتین کے لیے الگ جگہ مختص ہو گی۔ آزادکشمیر کے غیور اور بہادر خواتین سے اپیل ہے کہ وہ 27مارچ کو گھروں سے نکلیں اور ضمیر فروشوں کو ہمیشہ کے لیے خاموش کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں