چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی زیر صدارت اجلاس، بلدیاتی انتخابات کے لیے نئی حلقہ بندیوں کی روشنی میں ووٹر فہرستیں مرتب کرنے کا جائزہ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے لیے نئی حلقہ بندیوں کی روشنی میں ووٹر فہرستیں مرتب کرنے اورگزشتہ عام انتخابات کی ووٹر فہرستوں کی اپ ڈیشن کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کے سینئر رکن راجہ محمد فاروق نیاز، الیکشن کمیشن کے رکن فرحت علی میر،سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن افراد کی عمر10مارچ تک اٹھارہ سال ہو گئی ہے اور ان کا ووٹ انتخابی فہرستوں میں درج نہیں وہ اپنا ووٹ 15اپریل تک درج کروا سکتے ہیں۔

اجلاس کو حلقہ بندیوں کے حوالے سے ڈیجیٹل میپنگ کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نئی حلقہ بندیوں کی روشنی میں حتمی ووٹر فہرستیں مرتب کرنے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنرز سے تجاویز لی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ووٹ کا اندراج متعلقہ وارڈ میں ہی کیا جائے گا، ووٹ کے متعلقہ وارڈ میں اندراج کیلئے وارڈز کی حدبندی کی باقاعدہ نشاندہی کی جائیگی اور اس سلسلہ میں عوام کو آگاہی فراہم کی جائیگی۔ڈپٹی کمشنرز صاحبان ضلعی سطح پر سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے بھی رابطہ کریں گے اور لوگوں کو ووٹ کے اپنے متعلقہ وارڈ میں اندراج کے حوالہ سے آگاہی فراہم کریں گے۔ فوت شدگان کو ووٹر فہرستوں سے خارج کیا جائے گا۔اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہاکہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات 2022کے انعقاد کیلئے حلقہ بندیوں کا کام مقررہ تاریخ سے قبل مکمل ہوچکاہے،بلدیاتی انتخابات کیلئے جو ووٹر فہرستیں گزشتہ سال عام انتخابات میں استعمال ہوئی تھیں ان کو از سرنو مرتب کیا جائے گا اور جو افراد 01جون2021سے لیکر 10مارچ2022تک ووٹ کا حق استعمال کرنے کے اہل ہوئے ہیں ان کے ووٹ کا اندراج کیا جائے گا۔

سینئر رکن الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے سال 2021 میں تیار ہونے والی انتخابی فہرستہا کی اپڈیشن، تصحیح اور ترامیم کے سلسلہ میں ووٹ کے اندارج کے لیے 20 فروری 2022 Qualifying Date مقرر کی تھی جس میں عوام الناس کی سہولت کی خاطر10 مارچ 2022تک توسیع کی گئی، اب ایسے افراد جن کی عمر دس مارچ تک اٹھارہ سال ہو گئی ہے اور انکا نام ووٹر فہرستوں میں درج نہیں وہ رجسٹریشن افسر کے پاس15اپریل تک اپنا ووٹ اپنے متعلقہ وارڈ میں درج کروائیں۔ رکن الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے کہاکہ انتخابی فہرستوں میں ووٹ کے اندراج کیلئے عوام کو آگاہی فراہم کی جائے۔ڈپٹی کمشنرز صاحبان ضلعی سطح پر سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے بھی رابطہ کریں اور لوگوں کو ووٹ کے اپنے متعلقہ وارڈ میں اندراج کے حوالہ سے آگاہی فراہم کریں ۔انہوں نے کہاکہ ووٹ کا اندراج ہر شہری کی ذمہ داری ہے جن کی افراد کی عمر10 مارچ تک اٹھارہ سال ہو چکی ہے وہ 15 اپریل تک اپنا ووٹ اپنے متعلقہ وارڈ میں درج کروائیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں