وزیراعظم عمران خان نے او آئی سی اجلاس سے خطاب میں مسئلہ کشمیر جاندار انداز میں اٹھایا، اسلامی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے بعد وزیر اعظم آزاد کشمیر کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حقیقی سفیر ہیں، او آئی سی اجلاس سے دنیا کو ایک بڑا پیغام گیا،کشمیری قوم اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کا بھرپور خیر مقدم کرتی ہے اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو مسئلہ کشمیر کو جاندار انداز میں اٹھانے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

او آئی سی مقبوضہ کشمیر کی آزادی،مسئلہ فلسطین کے حل،بھارت میں مسلمانوں سے ناروا سلوک اور بھارتی مسلمانوں کے دینی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد و حمایت کے لیے جاندار کردار ادا کرے،انتہاء پسند بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے حریت قائدین کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کی اجازت نہ دینا قابل مذمت ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ مسلم دنیا کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات حل کرانے کے لیے عالمی سطح پر موثر اور جاندار کردار ادا کرے امت مسلمہ نے او آئی سی سے بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارج کانفرنس انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور یہ پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے او آئی سی اجلاس سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو جاندار انداز میں اٹھایا۔آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا مرتکب ہو رہا ہے نہتے کشمیری عوام کو دہشتگرد بھارتی فوج کے سنگین مظالم کا سامنا ہے بھارت اور اس کی قابض افواج نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال کر رہے ہیں ظالمانہ کارروائیوں میں نوجوان کا ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے پیلٹ گن کے ذریعے ہزاروں افراد جن میں بچے بھی شامل ہیں انہیں زخمی اور معذور کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5اگست 2019کی آئینی دہشت گردی کے بعد مقبوضہ کشمیر کی مسلم شناخت ختم کرنے کے لیے غیر آئینی اور غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر رکھے ہیں بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے اور کشمیریوں کی زمین جبری چھین کر بھارتی شہریوں کو فروخت کر رہا ہے جو ماضی کے نوآبادیاتی نظام کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے او آئی سی وزرائے خارجہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر بھارت مظالم رکوانے میں کردار ادا کریں اور بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی غیر آئینی وغیر قانونی کارروائیوں کے خلاف موثر آواز بلند کرے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close