اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سات دہائیوں سے حل طلب چلا آرہا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی اس سلسلے میں پاس ہوئی ہیں لیکن بھارت تسلسل سے ان قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت دینے سے انکاری ہے۔ اسی طرح بھارت نے پانچ اگست 2019کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی تبدیل کر دی ہے اور وہاں پر آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے بیالیس لاکھ غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں جو کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے 2018میں انسانی حقوق کی پامالی پر رپورٹ پیش کی تھی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کی ذکر کیا گیا تھا۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر میں اب بھی انسانی حقوق کی پامالی بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ میں او آئی سی کا شکر گزار ہوں کہ وہ ہمیشہ کشمیریوں کے حق میں قراردادیں پاس کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسلامی تعاون رابطہ تنظیم کے کشمیر رابطہ گروپ نے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں سیاسی رہنماؤں اور نوجوانوں کی رہا کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے جو کہ وہاں کی مختلف جیلوں میں پابند سلاسل ہیں۔اسی طرح کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت بند کرائے اور وہاں پر اقتصادی پابندیاں لگوائے۔ اسی طرح اسلامی ممالک غیر حلال گوشت اور اشیاء کا بائیکاٹ کریں۔ جبکہ اسی طرح او آئی سی کشمیریوں کے لئے ہیومینوٹرین فنڈ قائم کرے۔
اس موقع پر او آئی سی کے کشمیر رابطہ گروپ میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی طرف سے سید فیض نقشبندی نے بھی بریفنگ دی اور غلام محمد صفی نے اس موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر ایک یاداشت بھی پیش کی۔ اس موقع پر اجلاس سے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ دیگر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی خطاب کیا۔کشمیررابطہ گروپ کی صدارت سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہٰ نے کی۔ جبکہ اجلاس سے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ترکی، نائیجیریا اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں