اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی صدارت ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 27مارچ کو ڈی چوک جلسہ میں بھرپور شرکت کا فیصلہ،ڈی چوک جلسہ میں شرکت کے لیے وزراء اور سینئر پارٹی رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی قائم کر کے ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں اور ڈی چوک جلسہ میں کشمیری عوام کی شرکت کے لیے حکمت عملی طے کر لی گئی۔
آزادکشمیر اور مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقوں سے ہزاروں لوگ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی اپیل پر اسلام کے ڈی چوک میں 27 مارچ کو ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی صدارت میں منعقدہ پارلیمانی پارٹی، ممبران کشمیر کونسل اور ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ڈی چوک کے جلسے کے حوالے سے خصوصی سیل قائم کیا جائے گا جو آزاد کشمیر بھر سے جلسے میں شریک ہونے والے قافلوں کی نگرانی و راہنمائی کرے گا اور یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ 27مارچ کے جلسہ میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کئے جائیں گے اور جلسہ کے اخراجات پارٹی اور پارٹی قائدین برداشت کریں گے۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی وہ ذاتی یا پارٹی کے وسائل سے لوگوں کو جلسے میں لائیں۔ سیاسی سرگرمیوں پر حکومتی وسائل نہیں خرچ کریں گے۔وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ کشمیری وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، ڈی چوک جلسے میں کشمیری اپنے محسن کی کال پر بھرپور انداز میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے چھانگا مانگا کی سیاست دفن کرکے عوامی سیاست کو رواج دیا ہے۔ انہوں نے غیر معمولی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام سے رجوع کیااور عوام نے ان کو بھرپور پذیرائی دی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بلیک میلنگ اور ہارس ٹریڈنگ کی سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے۔ اب انشا اللہ پاکستان میں کوئی بھی ہارس ٹریڈنگ کرکے حکومت نہیں بنا سکے گا اور نہ عوامی طاقت کا سامنا کرسکے گا۔ وزیراعظم عمران خان قدرت کا اہل پاکستان بلکہ عالم اسلام کے لیے ایک نعمت ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو غیر جانبدارانہ خارجہ پالیسی دی۔ مغربی طاقتوں کے دباؤ کو قبول کرنے سے انکار کیا۔ بھارت کے کشمیریوں پر مظالم اور بھارتی مسلمانوں کے ساتھ رکھے گئے ناروا سلوک پر اسے جرات کے ساتھ للکارا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عام پاکستانیوں بالخصوص غریب اور محروم طبقات کی آواز ہیں۔ ان کی تعلیم، صحت اور ترقی کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف تحرک عدم اعتماد ناکام ہوگی بلکہ اگلے پانچ سال کے لیے بھی حکومت وزیراعظم عمران خان کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کی امید ہیں اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں