مظفرآباد (پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اس وقت فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکا ہے لہذا ہم سب کو مل کر مسئلہ کشمیر رعالمی سطح پر اُجاگر کرنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔ آزادکشمیر آزادی کابیس کیمپ ہے اور ہم اسے صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنائیں گے۔
جب میں نے صدر ریاست کے عہدے کا حلف اُٹھایا تھا تو میں نے اعلان کیا تھا کہ آزادی کے بیس کیمپ سے بھرپور انداز میں مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز اُٹھائی جائے گی۔ میں نے اس سلسلے میں امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے دورے کیے اور دنیااور عالمی میڈیا کی توجہ مسئلہ کشمیرکی جانب مبذول کرائی۔ میرے عالمی دوروں کے مثبت اثرات مرتب ہوئے۔ بعد ازاں میں نے اسلام آباد میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس بلائی جس میں اہم فیصلہ جات کیے گے جن کی روشنی میں پہلے اسلام آباد میں اور بعد ازاں دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اس نازک اور اہم موڑ پر ہمیں متحد ہو کر مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنل فورمز پر اُجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ لہذا اس سلسلے میں ہم سب کو مل کر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہونگی۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں