مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد ریاست جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاہے کہ آزاد کشمیر کے سابق صدر غازی ملت کیپٹن جنرل سید علی احمد شاہ مرحوم تحریک پاکستان، ریاست جموں و کشمیر کی آزادی اور تحریک الحاق پاکستان کے داعی تھے ان کا شمار چوہدری غلام عباس کے ساتھیوں میں ہوتا ہے۔
وہ ایک نڈر،مخلص،جراتمند اور اعلی قائدانہ صلاحتیوں کے مالک لیڈر تھے جھنوں نے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا۔ بطور صدر ریاست جموں و کشمیر میں انہوں نے آزاد کشمیر کی انقلابی آرمی کی تشکیل اور سرکاری محکموں میں اموردینیہ کا اضافہ کروایا ۔ آپ کی ان خدمات کو جموں و کشمیر کے عوام ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وہ ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا وہ روشن باب تھے جن کے کردار اور گفتار پر کوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صدر آزاد کشمیر غازی ملت کیپٹن جنرل سید علی احمد شاہ کی برسی کے موقع پر اپنے اپنے پیغامات میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ سید علی احمد شاہ شرافت، دیانت اور ذہانت کے پیکر ہونے کے ساتھ ساتھ اسلامی اشعار کی مکمل پاسداری کرنے والی شخصیت تھے ان کا تحریک آزادی کشمیر اور تحریک الحاق پاکستان میں نہایت اہم رول تھا ان کی تحریک آزادی کو اجاگر کرنے اور کامیابی کے لئے جدوجہد اور خطہ کی تعمیروترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے ڈی جانے والی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے برسی کے موقع پر کشمیریوں سے کہاکہ وہ اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور آزادی کے لئے جو راہیں انہوں نے متعین کی تھیں ان کو پایا تکمیل تک پہنچانا ہماری اولین ذمہ داری ہونا چاہیے۔سید علی احمد شاہ نے ڈوگرہ کے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم دیکھ کر ڈوگرہ کی جموں و کشمیر آرمی سے بطور لیفٹیننٹ کا عہدہ چھوڑ کر عملی سیاست کا آغاز کیا۔عسکری تجربہ کی بنیاد پر کشمیری راہنماؤں اور مجاہدین کے ساتھ ملکر آزاد کشمیر کے علاقوں کو ڈوگرہ سے آزادی دلائی۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ غازی ملت کیپٹن جنرل سید علی احمد شاہ کی اخرت کی منازل میں آسانیاں پیدا کرے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں