تین ماہ کے دوران دوسری او آئی سی کانفرنس وزیر اعظم عمران خان کی بڑی کامیابی ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس اسلام آباد کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں او آئی سی مسلم امہ بالخصوص مقبوضہ کشمیر کیلئے بھرپور آواز بلند کرے گا، تین ماہ کے دوران پاکستان میں دوسری او آئی سی کانفرنس کا انعقاد وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سفارتی کامیابی ہے،

عمران خان نے حقیقی معنوں میں پاکستان کو سفارتی سطح پر ایک منفرد مقام دلوایا ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کے ایجنڈے پر مسئلہ کشمیر کا ہونا اہم پیشرفت ہے جس کا کشمیری خیر مقدم کرتے ہیں۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور دیگر مسلم ممالک کی کوششوں سے اسلامو فوبیا کے خلاف اقوام متحدہ سے قرارداد کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم ممالک اتحاد و اتفاق سے اپنا منفرد مقام منوا سکتے ہیں۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم ہے لیکن عالمی برادری کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، اسرائیل اور بھارت کے مظالم پر عالمی خاموشی ایک لمحہ فکریہ ہے۔ دنیا ہوش کے ناخن لے مسئلہ کشمیر اورفلسطین کو حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ مسلم ممالک متحد ہو کر امت مسلمہ کا مقدمہ لڑیں، امت مسلمہ کے اتحاد سے ہی عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کیلئے مجبور کیا جا سکتا ہے، کیا فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے معصوم شہری مسلمان ہونے کی وجہ سے ظلم و بر بریت کا شکار ہوتے رہیں گے؟ کیا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر اس لیے توجہ نہیں دی رہی کہ یہ مسلمانوں کے مسئلے ہیں؟ عالمی امن مسئلہ فلسطین اور کشمیر سے جوڑا ہے، دنیا اپنی اخلاقی ذمہ داری پوری کرے۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ آئے روز مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت قید و بند کی تکلیفیں برداشت کر رہی ہے۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کشمیر کیلئے دنیا کے ہر فورم پر جاندار آواز بلند کی بلکہ عمران خان پہلے مسلم لیڈر ہیں جنھوں نے اسلاموفوبیا کے خلاف آواز بلند کی اور اقوام متحدہ سے اسے منوایا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close