کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ریاست کا اہم ادارہ ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ڈائریکٹر جنرل کے آئی ایم سے گفتگو

اسلام آباد ( پی آئی ڈی) وزیر اعطم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ریاست کا اہم ترین ادارہ ہے جس کا کام ریاست کا نظام چلانے والی بیوروکریسی کی تربیت کرنا ہے اصلاحات کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے تربیت ناگزیر ہے۔ کے آئی ایم حکومت کے تھینک ٹینک کے طور پر کام کر رہا ہے اس ادارے کی بہتری اور اس کے کام میں مزید نکھار لانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اسے ملک کے بہترین اداروں میں شامل کیا جائے گا۔

ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ایسا مثالی ادارہ ہو جس کی مثال پورے ملک میں دی جائے اور دوسرے صوبوں سے بھی افسران تربیت کے لئے اس ادارے میں آئیں۔حکومت آزاد کشمیر میرٹ کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمہ تعلیم کی انتظامی پوسٹوں پر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے تقرریاں کی جا رہی ہیں ڈی ای اوز،پی ایس سی کے ذریعے تعینات کئے گئے ہیں ان کی تربیت کا خصوصی طور پر انتظام کیا جائے تاکہ وہ بہتر انداز میں فرائض منصبی ادا کر سکیں۔

افسران اور ملازمین کی تربیت کے لئے نئے کورسز متعارف کرائے جائیں جو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئیر ریٹائر سید اختر حسین شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل کے آئی ایم نے ایوان وزیر اعظم میں وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارہ آزاد کشمیر کے گریڈ 1سے گریڈ 21کے ملازمین کی تربیت کا ذمہ دار ہے۔ ادارہ کے زیر اہتما م ملازمین کی تربیت کے ساتھ ساتھ ریسرچ ورک، سیمینارز، ورکشاپس اورکورسز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

یہ ادارہ قانون سازی میں بھی حکومت کی معاونت کرتا ہے قانون سازی کے سلسلہ میں ریسرچ کر کے رائے حکومت کو پیش کی جاتی ہے۔کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ حکومت کے تھینک ٹینک کے طور پر بھی کام کر رہا ہے اور آزاد کشمیر میں سیاحت کی ترقی، معاشی سرگرمیوں کے فورغ اور تعمیر و ترقی میں بہتری کے لئے بھی کام کر رہا ہے۔ ادارہ میں ملازمین و افسران کی تربیت کے لئے جدید طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے اور ادارہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے لے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ آزاد جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے منتخب ہونے والے افسران کی تربیت کا اہتمام کیا جائے اور ان افسران کے لئے تین سے چھ ماہ کے تربیتی پروگرام شروع کئے جائیں تاکہ یہ افسران تعیناتیوں کے بعد بہتر انداز میں ریاست اور عوام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے سکیں۔ موجودہ حکومت نے آزاد کشمیر تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمہ تعلیم میں ڈی ای اوز کی تعیناتیا ں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی ہیں ان ڈی ای اوز کی تربیت کی جائے تاکہ یہ احسن طریقے سے کام کر سکیں۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ کارکردگی میں بہتری کے لئے تربیت کا عمل ناگزیر ہے۔

اصلاحات تربیت کے ذریعے ہی ممکن ہیں۔ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اچھا ادارہ ہے اور یہ بہتر انداز میں کام کر رہا ہے اس ریاستی ادارے کو ملک کے مثالی اداروں کی صف میں شامل کرنے کے لئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں اور تجاویش پیش کی جائیں،حکومت کے آئی ایم کی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور معاونت کرے گی اور تمام تر وسائل مہیا کرے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں