مظفرآباد ( پی آئی ڈی) ترجمان آزاد کشمیر حکومت نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر آزاد خطہ کے اندر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے پر عزم ہے۔ سپریم کورٹ آف آزا د کشمیر کے حکم اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اس سلسلہ میں حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے اور الیکشن کمیشن کو آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تمام تر وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات مقررہ مدت کے اندر ہر صورت میں یقینی بنائے جائیں گے۔
حکومت آزاد کشمیر نے ریاست کے تمام متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایات دے رکھی ہیں کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کریں۔حکومت آزاد کشمیر کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر نے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی تجویز پر بلدیاتی انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کی منظوری دیتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ ہیں آزاد کشمیر کے اندر 31سال بعد بلدیاتی الیکشن منعقد ہو رہے ہیں،بلدیاتی الیکشن اور اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنا پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی حکومت کا انتخابی وعدہ اور منشور کا حصہ ہے جس پر ہر قیمت میں عمل درآمد کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے حکومت آزاد کشمیر تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ بلدیاتی الیکشن کا انعقاد آئینی تقاضا ہے جسے بہر صورت پورا کیا جائے گا۔
حکومت آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دے گی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اور ان کی ٹیم بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے پر عزم ہیں۔آزاد کشمیر کے اندر بلدیاتی انتخابات مقررہ مدت میں منعقد ہونگے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں