ایل او سی کے مسائل حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی کنٹرول سے آئے طلبہ کے وفد سے ملاقات

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادکشمیرعبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پربسنے والے پاک فوج کے بلاتنخواہ سپاہی ہیں،ایل او سی کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں،بھارتی فائرنگ سے متاثرہ علاقوں میں بنکرز کی تعمیر کیساتھ ساتھ صحت کی تمام سہولیات فراہم کریں گے۔میں خود بھی متاثرین ایل اوسی میں شامل ہوں جہاں بھارتی فورسزسامنے سے گولہ باری کرتی ہیں، مقبوضہ کشمیرکی آزادی اور ریاستی عوام کی خدمت ہمارایجنڈاہے،

عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد جموں وکشمیرکوایک ماڈل اسٹیٹ بنائیں گے۔ان خیالات کااظہاروزیراعظم آزادکشمیرنے لائن آف کنٹرول سے آئے طلبہ کے وفدسے کشمیرہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزادکشمیر پاکستان میں سب سے زیادہ شرح خواندگی رکھتا ہے، طلبا کیلئے لائن آف کنٹرول پر جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے۔گزشتہ ادوارمیں لائن آف کنٹرول کے متاثرین پرتوجہ نہیں دی گئی،اب ہم میگاپراجیکٹس دیے رہے ہیں جن میں صحت اور تعلیم اولین ترجیح ہیں۔

ایل اوسی پیکیج کے تحت کنٹرول لائن کے قریب خستہ حال سڑکوں کی تعمیرنوکریں گے۔طلبا کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات اور اداروں کا انفراسٹرکچر بہتر بنایا جا رہا ہے، پڑھے لکھے نوجوان ہی کشمیر کا مستقبل طے کریں گے، ایل او سی کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں،لائن آف کنٹرول پر بسنے والے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیرنے مزیدکہا کہ میں عوام کے حقوق کا محافظ ہوں،وزیراعظم آزاکشمیر کیساتھ طلبا نے تفصیلی سوال وجواب کی نشست کی۔

اس موقع پرطلباکے وفدنے ایل اوسی متاثرین کے مسائل حل کرنے کیلئے وزیراعظم کے ویژن کوسراہا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close