آزادکشمیر، بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا کام مقررہ تاریخ سے قبل مکمل ہو گیا، چیف الیکشن کمشنر کا اعلان

مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے کہا ہے کہ آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات 2022کے انعقاد کیلئے حلقہ بندیوں کا کام مقررہ تاریخ سے قبل مکمل ہوچکاہے جس کا حکومت نے منظوری دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

انتخابی فہرستہا کی تیاری کا کام بھی جون تک مکمل ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پی آئی ڈی کے میڈیا ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر ممبر آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، ممبرالیکشن کمیشن فرحت علی میر، سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 21دسمبر 2021کو بلدیاتی حلقہ بندی کے خلاف متدائرہ اپیل کے فیصلے میں معزز عدالت العظمیٰ کی جانب سے یکم اگست 2022سے قبل بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کروائے جانے اور بلدیاتی حلقہ بندیوں کا کام45ایام کے اندر مکمل کرنے کا حکم صادر کیا گیا ہے۔ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن فاضل عدالتی فیصلہ کے مطابق فوری طور پر 22 دسمبر 2021 کو ڈویژنل کمشنرزکا اجلاس طلب کیا۔ جس میں حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستہا کے معاملات زیرغور لائے گئے۔

آزاد جموں وکشمیر عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 50 کے تحت بلدیاتی انتخابات کے لئے آزاد جموں وکشمیر الیکشنزایکٹ 2020 اور آزاد جموں وکشمیر لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990 میں لازمی اور ناگزیر ترامیم کی تجاویز کی نسبت محکمہ قانون اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران کے ساتھ متعدد اجلاس منعقد ہوئے اور حتمی ترامیم کے مسودہ جات محکمہ ہائے قانون اور لوکل گورنمنٹ کو فُوری قانون سازی کے لئے بالترتیب ارسال کئے گئے۔ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے قانونی تقاضوں کے مطابق نوٹیفکیشن محررہ 23 دسمبر 2021 کو آزاد جموں وکشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کی دفعہ-D 125 کے تحت آزادکشمیر کے 10 اضلاع میں حلقہ بندی کمیٹیاں تشکیل دیں۔ کمیٹی میں متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو چیئرمین حلقہ بندی کمیٹی، اسسٹنٹ کمشنر حلقہ بندی آفیسر /ممبر حلقہ بندی کمیٹی اور اسسٹنٹ الیکشن کمشنر /ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ممبر کمیٹی بنایا گیا۔ حلقہ بندی کمیٹی کی جانب سے مرتب کردہ بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف متاثرہ افراد کی جانب سے دائر ہونے والے اعتراضات کی سماعت و فیصلہ جات کے لیے 10 اضلاع کے متعلقہ ڈسٹرکٹ و سیشن جج صاحبان کو حلقہ بندی اتھارٹیز مقرر کر دیاگیا۔

آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی درخواست پر فاضل عدالت عظمی کی جانب سے حلقہ بندیوں کی تکمیل کے لیئے مزید 45 ایام کی توسیع فرمائی گئی۔ 90 ایام کے اندر حلقہ بندیوں کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد حکو مت کو بغرض منظوری و اجرائیگی نوٹیفکیشن ارسال کی گئی تھی جس کی حکومت نے منظوری دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اس طرح بلدیاتی حلقہ بندی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے ا س وقت تک بلدیاتی انتخابات کی نسبت کیئے گئے اقدامات کی رپورٹ مورخہ17-03-2022کو معزز عدالت عظمی میں پیش کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے Qualifying Dateکے تعین کے لیے الیکشن کمیشن نے سال 2021 میں تیار ہونے والی انتخابی فہرستہا کی اپڈیشن، تصحیح اور ترامیم کے لیے مورخہ 23 دسمبر 2021 کو بذریعہ نوٹیفکیشن ووٹ کے اندارج کے لیے 20 فروری 2022 Qualifying Date مقرر کر رکھی تھی۔ مابعد عوام الناس کی سہولت کی خاطر پہلے سے مقرر شدہ کوالیفائنگ ڈیٹ میں توسیع کرتے ہوئے 10 مارچ 2022“Qualifying Date“ مقرر کر دی ہے۔اس موقع پر ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے میڈیا کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے مقاصد کی خاطر آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے سال 2021 کے عام انتخابات کے لئے مرتب کردہ انتخابی فہرست ہا کی اپڈیشن، تصحیح، ترامیم اور ترتیب نو کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر /اسسٹنٹ کمشنر صاحبان کو بطور رجسٹریشن آفیسر اور تحصیلدار صاحبان کو بطور اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر مقرر کر دیا۔ تا کہ سال 2021 ء کے بعد 18 سال کی عمر کے حامل افراد شناختی کارڈ کی بنیاد پر اپنے ووٹ کااندراج کرواسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کی اشاعت کے بعد اب آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن ووٹران کی سہولت کے لیے بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں وارڈ بندی کے مطابق ووٹوں کی منتقلی کا شیڈول جاری کرے گا۔ جس کے مطابق اگر کسی شخص کا ووٹ کسی دوسری وارڈ میں منتقل ہو گیا ہے تو وہ اس کی درستگی/منتقلی کروا سکے گا۔ اس مقصد کے لئے شیڈول جاری کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے NADRA کے ساتھ بھی معاملات زیر کار ہیں تاکہ انتخابی فہرستہا جو بلدیاتی انتخابات میں استعمال ہوں گی ان کی تکمیل کو بھی بروقت یقینی بنایا جا سکے۔ سال 2021 کے عام انتخابات کے لیے مرتب کردہ انتخابی فہرستہاکی اپڈیشن اور طباعت کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن اور نادرا کے درمیان متعدد بار اجلاس منعقد ہوئے اور حتمی طور پر NADRA کی طرف سے ضروری معاونت کو یقینی بناتے ہوئے NADRA سے مطلوبہ معاونت کے لیے گفت و شنید جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے حلقہ بندیوں کی تشکیل، انتخابی فہرستوں کی Updation اور طباعت اور عوام الناس کی آگاہی ودیگر ضروریات کے متوقع اخراجات کے لئے تخمینہ مرتب کرتے ہوئے مورخہ 21 دسمبر 2021 کو مبلغ ”اٹھانوے کروڑ نوے لاکھ روپے“ کے فنڈز کی فراہمی اور پیشگی برآمدگی کے سلسلہ میں محکمہ مالیات سے تحریک کی۔

حکومت کی جانب سے الیکشن کے معاملات کے سلسلہ میں جناب ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں بلدیاتی انتخابات کے ابتدائی مرحلہ کے لیے مورخہ 19 جنوری 2022 کو مبلغ ”بتیس کروڑ روپے“ کے فنڈز کی فراہمی کے لیے تحریک کی۔ لیکن محکمہ مالیات نے الیکشن کمیشن کی جانب سے مجوزہ فنڈز کی فراہمی کے بجائے مبلغ ”تیرہ کروڑ روپے“ کے فنڈز الیکشن کمیشن کے رواں مالی سال کے میزانیہ کی مختلف مدات میں اضافی رقم کے طور پر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیئے مہیا کی گئی ہے جس کے باعث آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کو فاضل عدالت عظمی کے فیصلہ مصدرہ 21دسمبر 2021 کی تعمیل میں آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق مقررہ معیاد کے اندر جملہ انتظامات کو با عمل بنانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہو گا۔محکمہ مالیات کی جانب سے مبلغ 13 کروڑ روپے کی رقم فراہم کرنے کے سلسلہ میں اختیار کردہ طریقہ کار پاکستان الیکشن کمیشن اور قبل ازیں آزاد کشمیر میں متعدد بار عام انتخابات و بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں فنڈز کی فراہمی کے مسلمہ طریقہ سے متصادم ہے۔ اوریہ طریقہ کار الیکشن کمیشن کے لیئےOperational Expenses کی ضروریات کے تقاضوں سے کلیتاً مغائرہے جس سے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کے سلسلہ میں مشکلات کا سامنا ہو گا۔ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن اپنی آئینی فرائض اور ذمہ داریوں کی احسن طور پر بجا آوری کے لیئے آزاد جموں و کشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کی دفعہ 4 کے تحت مالی و انتظامی وسائل کی فراہمی کے لیئے احکامات و ہدایات جاری کرنے مکلف و با اختیار ہے اور ان احکامات و ہدایا ت پر مثبت طور پر عملدرآمد متعلقہ اداروں اور اتھارٹی کی قانون ذمہ داری اور دفعہ 5 کی رو سے طلبیدہ معاونت فراہم کرنے کی پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں 1987 کے بلدیاتی انتخابات سال 1981 کی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندی مرتب کرتے ہوئے منعقد کروائے گئے تھے اس وقت آزاد کشمیر کی کل آبادی 1979837 (انیس لاکھ اناسی ہزار آٹھ صد سینتیس) اور ووٹر کی کل تعداد12,32617 (بارہ لاکھ بتیس ہزارچھ صد سترہ) تھی۔حلقہ بندی 1987 کے مطابق یونین کونسل کی تعداد 180وارڈ1311، ممبر وارڈ 1860ممبر ضلع کونسل180، ٹاؤن کمیٹی تعداد کونسل 10، وارڈ46، ممبر وارڈ65،میونسپل کمیٹی تعداد کونسل 7، وارڈ92، ممبر وارڈ121ہے۔ کل تعداد کونسل 197، وارڈ1449، ممبر 2046۔ ضلع کونسل میں تعداد کونسل 5اور ضلع ممبر کونسل 180ہے حلقہ بندی 2022کے مطابق تعداد کونسل 280، وارڈ 2080، ممبر وارڈ 2080۔ ٹاؤن کمیٹی تعداد کونسل 12، وارڈ53، ممبر وارڈ 53۔ میونسپل کمیٹی تعداد کونسل 14، وارڈ77، ممبر وارڈ77۔ میونسپل کارپوریشن تعداد کونسل 5، وارڈ133، ممبر وارڈ133۔ کل تعداد کونسل311، وارڈ2343، ممبر وارڈ2343جبکہ ضلع کونسل میں تعداد کونسل 10اور ممبر ضلع کونسل 280 ہے۔ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن اپنی آئینی فرائض اور ذمہ داریوں کی احسن طور پر بجا آوری کے لیئے آزاد جموں و کشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کی دفعہ 4 کے تحت مالی و انتظامی وسائل کی فراہمی کے لیئے احکامات و ہدایات جاری کرنے مکلف و با اختیار ہے اور ان احکامات و ہدایا ت پر مثبت طور پر عملدرآمد متعلقہ اداروں اور اتھارٹی کی قانون ذمہ داری اور دفعہ 5 کی رو سے طلبیدہ معاونت فراہم کرنے کی پابند ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں