کشمیر ایک وحدت ہے، کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا کشمیر ریلی سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ کشمیر ایک وحدت ہے،کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے اور یہ فیصلہ ہمارے اسلاف کی قربانیوں کی بنیاد پر ہو گا،کشمیر کی تقسیم ممکن نہیں اور نہ ہی اس بارے میں کوئی سوچ سکتا ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کی توانا آواز ہیں جنہوں نے ہر بین الاقوامی فورم پر بھرپور انداز میں کشمیریوں کی نمائندگی کی ہے۔

تحریک آزادی کے نقطہ پر ساری قیادت اور کشمیری قوم ایک ہے آج دوسرا موقع ہے کہ بیس کیمپ کی ساری سیاسی قیادت اور عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے بھرپور یکجیتی کا اظہار کر رہے ہیں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف بیس کیمپ سے توانا آواز بلند کرنا چاہتے ہیں ہر کشمیری حق خودارادیت کے حصول کا متمنی ہے لائن آف کنٹرول کا رہنے والا ہوں اس لیے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے درد کو بہتر طور پر سمجھتا ہوں حکومت تحریک آزادی کشمیر اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی آزادکشمیر کی ساری سیاسی و مذہبی قیادت کا آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے جھنڈے تلے جمع ہونا لائق تحسین ہے ریاستی قیادت نے ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے زیر اہتمام دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ مسلہ کشمیر پر آزادکشمیر کی ساری قیادت کا ایک ساتھ اکھٹے ہونا اس امر کی دلیل ہے کہ کشمیر ایشو پر کشمیری متحد و منظم ہیں اس پار کے کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم سب ایک ہیں اور ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے انہوں نے کہا کہ میرا گھر لائن آف کنٹرول پر واقع ہے اور میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے درد اور کرب کو سب سے زیادہ سمجھتا ہوں آزادکشمیر کے اندر ہر فرد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کیساتھ ہے ہندوستان جبرو تشدد کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے بھارت نے 5اگست 2019کے جو اقدامات اٹھائے ہیں اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی جو سازشیں کر رہا ہے اس کے خلاف تحریک آزادی کے بیس کیمپ سے جاندار آواز بلند کر رہے ہیں مقبوضہ جموں وکشمیر کے موجودہ سنگین حالات کے تناظر میں آزادکشمیر کی ساری قیادت کا آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے جھنڈے تلے متحد ہونا وقت کا تقاضاہے اور آزاد کشمیر کی ساری سیاسی قیادت نے اس حوالے سے تاریخی کردار ادا کیا ہے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے حکومتی ایجنڈے میں تحریک آزادی کو سرفہرست رکھا گیا ہے آل پارٹیر کشمیر کانفرنس کے پلیٹ فارم سے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا تک لے کر جائیں گے اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہمارے اسلاف نے بڑی قربانیاں دی ہیں،یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،

بیس کیمپ کا قیام اور بیس کیمپ میں کشمیریوں کی نمائندہ حکومت کا قیام ہمارے اسلاف کی قربانیوں کا ہی ثمر ہے بیس کیمپ کا ایک مقصد ہے اور یہ مقصد تحریک آزادی کشمیر کو آگے بڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ ہے تحریک آزادی میں بیرسٹر سلطان کی بڑی خدمات ہیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اسلامو فوبیا سے متعلق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تجویز پر اقوام متحدہ میں قرارداد کی منظوری بڑا اقدام ہے یہ بھارت کے منہ پر طمانچہ ہے جو ہندوتوا نظریے پر کاربند ہے۔آج پاکستان کو بہترین قیادت میسر ہے ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے اندر خلفشار ختم ہوں،پاکستان بڑی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان پوری امت مسلمہ کی نمائندگی کرے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close