کشمیر ریلی میں ہر مکتبہ فکر کے لوگ شامل ہوکر ثابت کریں کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، صدر آزاد کشمیر کا سنٹرل بار ایسوسی ایشن سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی قائم کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھاؤں گا، آزادی کے بیس کیمپ میں لوگ اپنا کردار ادا کریں گے۔ 17مارچ کی ریلی میں ہر مکتبہ فکر کے لوگ شامل ہوکر ثابت کریں کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آزاد کشمیر کی تمام جماعتوں کے قائدین اس بات پر متفق ہیں کہ مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔ بیرون ممالک کے سربراہان کے بھارت کے ساتھ مفادات وابستہ ہیں اسی وجہ سے وہ کشمیر کے مسئلہ پر کھل کر سامنے نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پہلی کامیاب ریلی نکالنے کا مقصد تھا کہ وہاں انٹرنیشنل میڈیا ہے۔ اس لئے ریلی وہاں سے نکالی جس میں تمام جماعتوں کے قائدین موجود تھے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج یہاں دارالحکومت مظفرآباد میں سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ فضل محمود بیگ نے صدر سنٹرل باریسوسی ایشن، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ خواجہ ارشد محمود نائب صدر، ایڈووکیٹ ہائی کورٹ عبدالنعیم چوہدری سیکرٹری جنرل، ایڈووکیٹ ہائی کورٹ سید احمد علی بخاری جوائنٹ سیکرٹری، ایڈووکیٹ ہائی کورٹ سید جابر علی کاظمی ممبر مجلس عاملہ، ایڈووکیٹ ہائی کورٹ عدنان احمد پیرزادہ ممبر مجلس عاملہ، ایڈووکیٹ ہائی کورٹ فیضان عارف مغل ممبر مجلس عاملہ، ایڈووکیٹ ہائی کورٹ صباء نذیر اعوان ممبرمجلس عاملہ اور ایڈووکیٹ ہائی کورٹ امبرین کاظمی ممبر مجلس عاملہ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ جبکہ اس موقع پر ہائی کورٹ بار کے صدر ہارون ریاض مغل، ڈسٹرک بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ سردار جاوید شریف بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد اور چیئرمین ایم ڈی اے اظہر گیلانی بھی موجود تھے۔ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کر رہا ہے۔

اس نے 42لاکھ غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں اور 4ہزارر بھارتی ہندو سرمایہ کاروں کو مقبوضہ کشمیر میں سرمایہ کاری کے لیے زمین دی جا رہی ہے۔ جس سے وہ آبادی کا تناسب اپنے حق میں کرنا چاہتا ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج 17مارچ کو مظفرآباد میں آل پارٹیز کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جائیگا۔ پارلیمانی جماعتوں کے قائدین اور پارلیمان سے باہر موجود سیاسی قیادت شرکت کرے گی۔ اس حوالہ سے سیاسی و دینی جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے کہ حریت کانفرنس مہاجرین جموں کشمیر کی نمائندگی بھی موجود ہوگی۔ اسلام آباد میں آل پارٹیز نے تاریخ ساز ریلی کا انعقاد کیا تھا وہ بھرپور کامیاب ریلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اے پی سی بلائی تھی جس میں مسئلہ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے اور تحریک آزادی کشمیر کو دوام بخشنے کیلئے کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو آزادی کے بیس کیمپ سے آواز اٹھے گی وہ پوری دنیا میں سنی جائے گی۔ 5اگست کے بعد ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کے اندر جو مظالم ڈھائے ہیں دنیا نے توجہ نہیں دی اور آج تک مظالم میں اضافہ ہورہا ہے۔ ہم پوری دنیا کی توجہ اس طرف مبذول کروانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک آباد کشمیریوں نے مسئلہ کو عالمی سطح پر زندہ رکھا ہوا ہے۔ مودی کا انتہا پسندانہ رویہ اور پاکستان کی طرف میزائل داغنا اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کے عزائم مکروہ ہیں جسے ہم انٹرنیشنل فورمز پر بے نقاب کریں گے۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محموچوہدری نے کہا کہ وکلاء برادری، آزاد کشمیر کے عوام اور بالخصوص مظفرآباد کے لوگوں سے پر زور اپیل کی کہ وہ آج 17 مارچ بروز جمعرات کو دارالحکومت مظفرآباد میں نئے پریس کلب بینک روڈسے برہان وانی چوک تک نکالے جانے والی کشمیر ریلی میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے اسے تاریخ ساز بنا دیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ پیغام دے دیں کہ وہ ان کے جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں اور یہ جدوجہد اس وقت تک جاری و ساری رہے گی جبکہ مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close