دوبئی ایکسپو 2020، پاکستان پویلین میں کشمیر گیلری کی رونمائی، پاکستان پویلین کے باہر کشمیر کی مقامی زبانوں میں گانوں پر شائقین کا رقص

دبئی ( ) دوبئی ایکسپو 2020ء، پاکستان پویلین میں کشمیر گیلری کی رونمائی کردی گئی جبکہ پاکستان پویلین کے باہر فنکاروں کی جانب سے کشمیر کی مقامی زبانوں میں گانوں پر شائقین رقص کرتے رہے۔پاکستان پویلین کے اند ر گیلری میں کشمیر سے متعلق دستاویزی فلمز کی نمائش کے دوران پویلین دلچسپی رکھنے والوں سے کھچا کھچ بھر گیا۔ کشمیر گیلری کے منتظمین کی جانب سے کشمیرشو کے دوران کشمیر پریمیر لیگ سے وابستہ کرکٹ ہیروز شاہد آفریدی، وسیم اکرم، ہرشل گبز اور شعیب ملک کو مدعو کرنے کا اعلان۔

رنگا رنگ تقریب رونمائی میں متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کے سفیر افضال محمود، چیئرمین وزیر اعظم معائینہ و عمل درآمد کمیشن آزادکشمیر راجہ منصور احمد خان، سیکرٹری سیاحت، سپورٹس، یوتھ وکلچر منصور قادر سمیت دوبئی میں مقیم صنعت کاروں اور کشمیری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔کشمیر گیلری کی لانچنگ کی تقریب کے دوران کشمیری دستکارگیلری میں پیپر ماشی اور کشیدہ کاری کا عملی مظاہرہ بھی کرتے رہے جبکہ گیلری میں کشمیری مصنوعات کے سٹال بھی لگائے گئے جن میں سیاحت سے متعلق بروشرو، صنعتی معدنیات ماربل وگرینائیٹ کے نمونے،کشمیری نمدہ وگبہ، کشمیری شال، آرٹ وکرافٹ اور ایس اے انڈسٹری کی جانب سے تیارہ کردہ فن پارے شامل تھے۔تقریب رونمائی میں کشمیر ی ثقافتی فن کاروں نے کشمیری گانے پر اپنے فن کا مظاہر ہ بھی کیاجبکہ معدنیات اور دستکاری سے متعلق متعلقہ ماہرین شرکاء کو تکنیکی معلومات بھی فراہم کرتے رہے۔تقریب رونمائی سے اپنے خیرمقدمی خطاب میں سیکرٹری سیاحت، سپورٹس، یوتھ وکلچر منصورقادر ڈار کا کہنا تھا کہ دوبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین میں کشمیری مصنوعات کی نمائش کے مواقع کا میسر آنا سرمایہ کاری کے لیے نئی راہیں کھلنے کا باعث بنے گا۔

دوبئی ایکسپو 2020ء میں 192ممالک کی جانب سے لگائے گئے نمائشی پویلین ہا میں سے پاکستان پویلین میں غیرملکیوں کی دلچسپی اور آج کشمیر گیلری میں شائقین کی بڑی تعداد کی آمد پاکستان اور آزادکشمیر کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔انہوں نے کہاکہ قدرت کی جانب سے عطا کردہ پوٹینشل کو بروئے کار لانے سے ہی آزادریاست جموں وکشمیر کا روشن مستقبل وابستہ ہے۔جس کے لیے حکومت آزادکشمیر تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔سیاحت ہو یا معدنیات، صنعت وحرفت ہو یا پن بجلی کے منصوبے، ماہرین کے تیار کردہ منصوبے سرمایہ کاری کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔سرمایہ کار جس بھی شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہیں،آزادکشمیر منافع بخش سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاحت کے شعبے میں درجنوں منصوبے فزیبلٹی اور ماسٹر پلاننگ کے بعد سرمایہ کاری کے لیے دستیاب ہیں،۔ پانچ ہزار میگاواٹ سے زائد کے پن بجلی کے منصوبوں کے لیے بھی سرمایہ کاروں کو آگے آنا چاہیے۔سیکرٹری سیاحت، سپورٹس، یوتھ وکلچر نے کہا کہ صنعتی معدنیات میں بھی آزادکشمیر خودکفیل ہے۔ماہرین کے مطابق اربوں روپے کے معدنیات کی نکاسی کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع میسر ہیں۔

ان معدنیا ت میں دنیا بھر میں مشہور کشمیری پتھر یاقوت(روبی) بھی شامل ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود نے کہا کہ کشمیر سیاحت کے ساتھ ساتھ صنعتی مصنوعات کے لیے مشہورہے، دبئی ایکسپو میں کشمیر ی مصنوعات کو پاکستان پویلین کا حصہ بنانے کا مقصد سرمایہ کاروں کو نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کی ترقی کے لیے پاکستان ہرممکن وسائل بروئے کار لارہا ہے۔کوئی بھی معاملہ ہو پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑارہے گا۔انہوں نے کہ ملکی وغیرملکی سرمایہ کار سیاحت، ہائیڈل پاور جنریشن، معدنیات اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں،پاکستان ہر طرح کا تعاون کرے گا۔دوسری طرف پاکستان پویلین کے باہر کشمیری فن کاروں نے اپنے فن کے جوہر دکھائے جن کو ملکی وغیر ملکی شائقین نے پسند کیا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کے ذریعے خوشی کا اظہار کرتے رہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں