عمران خان نے کشمیر پر تاریخی موقف اختیار کیا، کشمیری عوام اپنے محبوب لیڈر کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام ڈی چوک کے تاریخی جلسے میں بھرپور شرکت کر کے عمران خان کی دلیرانہ قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے۔عمران خان کشمیریوں کے محسن جرات مند اور دلیر لیڈر ہیں جنہوں نے ملک،قوم اور اداروں کا وقار بلند کیا ہے۔عمران خان نے چین اور روس کا کامیاب دورہ کر کے آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھ دی ہے۔اسلامی ملکوں خاص طور پر سعودی عرب،متحدہ امارات،ایران اور ترکی کے ساتھ عمران خان نے شاندار تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔

اسلامی وزراء خارجہ کے تاریخی اجلاس کے موقع پر اپوزیشن کی تحریک عدم استحکام اور ملک دشمنی کے مترادف ہے۔چھانگا مانگا اور مری کی سیاست کرنے والی اپوزیشن پرانے حربے آزمانا چاہتی ہے مگر اس کو ناکامی ہو گی۔پاکستان کے نیشنل ایشو سے الگ نہیں رہ سکتے۔ تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا اسے ناکامی ہو گی۔ سیاست میں ملک و قوم کے مفاد کی بات سیکھی ہے۔عمران خان نے کشمیر پر تاریخی موقف اختیار کیا،کشمیری عوام اپنے محبوب لیڈر کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں،وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزراء حکومت ظفر ملک،اظہر صادق،نثار انصر ابدالی،اکمل سرگالہ اور معاون خصوصی محمد اقبال بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کا وقار عمران خان نے بلند کیا،عمران خان کے اقدامات کی وجہ سے ملک معاشی اعتبار سے مضبوط ہوا ملک کی خارجہ پالیسی درست سمت میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ سے لیکر ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کی نمائندگی جرات سے کی جس پر کشمیری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اسلامی ملکوں کے وزراء خارجہ اجلاس کی میزبانی کرنے جا رہا ہے حالات اس نہج پر ہیں اسوقت ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا ملک کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان نے افغانستان کے معاملے پر اسلامی ملکوں کے کنٹیکٹ گروپ کا اجلاس بلا کر ایک سمت دی جس سے دنیا میں پاکستان کا امیج بلند ہوا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے محسن،پاکستان کا وقار بلند کرنے،اور اداروں کا وقار بلند کرنے والے عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتا یوں۔انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں ایک بڑا جلسہ ہونے جا رہا ہے آزادکشمیر کے لوگ اس جلسے میں بھرہور شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مہاجرین مقیم پاکستان بھی ڈی چوک کے جلسے میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چھانگا مانگا اور مری کے ہوٹلوں کو بک کرنے والی سیاست کرنے والوں کو ناکامی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ میلسی،حافظ آباد اور لوئر دیر کے جلسے عمران خان کی مقبولیت کے عکاس ہیں،عمران خان نے آزادکشمیر کو بھرہور فنڈز دئیے کئی بڑے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں مانسہرہ مظفرآباد موٹر وے،لوہار گلی ٹنل،شونٹر ویلی ٹنل سمیت کئی بڑے منصوبے جلد شروع ہونگے۔

انہوں نے کہا اپوزیشن خریدوفروخت کے ذریعے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہے مگر اس میں اسے ناکامی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر نے اپوزیشن کی سیاست ختم کر دی ہے انہیں چھپنے کو جگہ نہیں ملے گی۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ مضبوط پاکستان مسئلہ کشمیر کو تقویت دیگا ایسے وقت میں جب اسلامی ملکوں کے وزراء خارجہ کا اجلاس ہو ریا ہے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا ملک دشمنی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کسی کھسر پھسر سے گھبرانے والا شخص نہیں ہوں اللہ پاک کے فضل سے مضبوط اعصاب والا شخص ہوں کابینہ اور پارلیمانی پارٹی ساتھ ہے اور عمران خان کے حوالے سے سب ایک ہیں۔وزیراعظم نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ چوہدری شجاعت حسین منجھے ہوے سیاستدان ہیں میرے تجربے کے مطابق چونکہ 2023 میں انتخابات ہونے والے ہیں پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے وہ جلد خوشخبری دینگے۔انہوں نے کہا کہ سردار تنویر الیاس پارٹی کے صدر ہیں ہماری منزل ایک ہے اور ہم عمران خان کی قیادت میں منزل حاصل کریں گے۔انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان نے عوام میں جانے کا درست فیصلہ کیا ہے ڈی چوک کا جلسہ تاریخی ہو گا عمران خان قوم اور ملک کو باوقار بنانا چاہتے ہیں اور وہ سرخرو ہوں گے۔انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن پیپلزپارٹی کے ناکام لانگ مارچ سے سبق سیکھیں عمران خان عوام کے ہر دلعزیز لیڈر ہیں اور وہ سرخرو ہونگے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close