اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پورے آزادکشمیر بالخصوص دارالحکومت مظفرآباد کے لوگ 17مارچ کو مظفرآباد میں کشمیر ریلی میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے یہ ثابت کر دیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اُن کی جدوجہد میں شانہ بشانہ شریک ہیں اور اسی طرح انٹرنیشنل کمیونٹی اور عالمی میڈیا کی توجہ بھی مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر مرکوز کرائیں۔
یہ ریلی 17مارچ بروز جمعرات صبح 10:30 بجے مظفرآباد میں نئے پریس کلب بینک روڈ سے شروع ہو کر گیلانی چوک سے ہوتی ہوئی برُہان وانی چوک تک جائے گی جہاں پر قائدین ریلی سے خطاب کریں گے۔ اس ریلی کے شرکاء صرف آزادکشمیر کا جھنڈا، تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے درج نعروں پر مشتمل بینرز، پینا فلیکس، پوسٹرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے ہونگے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اس نازک، اہم اور فیصلہ کن موڑ پر ہماری یہ دوہری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم آزادی کے بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ یقین دلائیں کہ آزادکشمیر کا بچہ بچہ اُن کی جدوجہد میں اُن کے شانہ بشانہ ہے اور ہماری یہ جدوجہد اُس وقت جاری و ساری رہے جب تک مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ریلی17مارچ بروز جمعرات صبح10:30بجے مظفرآباد میں نئے پریس کلب بینک روڈ سے شروع ہو کر گیلانی چوک سے ہوتی ہوئی برُہان وانی چوک تک جائے گی۔ لہذا آپ سب لوگ اس کشمیر ریلی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یکجہتی کاایک بھرپور پیغام دیں اور اسی طرح پوری دنیا اور عالمی میڈیا کی توجہ مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر مبذول کرائیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں