وزیراعظم آزاد کشمیر سے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی ملاقات

اسلام آباد(پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے سندھ میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی ملاقات، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حلیم عادل شیخ سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد بری طرح ناکا م ہو گی۔

اپوزیشن ذاتی مفاد کی جنگ لڑ رہی ہے اور سیاسی بلیک میلنگ کے ذریعے این آر او حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے مفاد اور پاکستانی عوام کی خوشحالی کے لئے کا م کر رہے ہیں، عمران خان نے پاکستان مین سٹیٹس کو توڑا اور ملک کے اندر تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا۔آج پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منزل کی طرف گامزن ہے اپوزیشن کو پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ عمران خان نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ امت مسلمہ کے بھی لیڈر ہیں۔ عمران خان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آج انھیں امت مسلمہ اپنا لیڈر مانتی ہے۔ عمران خان سرخرو ہونگے اور اپوزیشن کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن چوروں کا ٹولہ ہے جو احتساب کے خوف سے اکھٹے ہیں اور عمران خان کو بلیک میل کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل ہی اپوزیشن بھاگ جائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان کے عوام کا اعتماد حاصل ہے اس اعتماد کو اسلام آباد میں 27مارچ کے جلسہ میں ثابت بھی کریں گے۔ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے قوم نے اپوزیشن کو مسترد کر دیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close