وزیراعظم عمران خان مضبوط اعصاب کے مالک، نہ بکنے والے، نہ جھکنے والے ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر کا الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب

میرپور(پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہاہے کہ پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کا شمار دنیا کی عظیم اور جری فوج میں ہوتا ہے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نے بہترین موقف اختیار کر کے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کیا،عمران خان مضبوط اعصاب کے مالک، نہ بکنے اور نہ جھکنے والے لیڈر ہیں۔ اپوزیشن ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر قومی مفادات کو مدنظر رکھے۔ میڈیا حکومت اور ریاست کا اہم ستون ہے جس نے حکومت اور بیوروکریسی کی اصلاح و احوال کرنا ہوتی ہے۔

ہم میڈیا کے مثبت اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،تحریک آزاد ی کشمیر کوعالمی سطح پراجاگرکرنے کے حوالے سے بھی میڈیا بھرپور کردار ادا کرے۔آزاد کشمیر میں بلدیاتی الیکشن جولائی یا اگست میں ہونگے۔رٹھوعہ ہریام برج ایک سال میں مکمل کریں گے۔متاثرین منگلا ڈیم کے ذیلی کنبہ جات کی آباد کاری کادرینہ مسئلہ بھی جلد حل ہونے والاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن میرپور کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کیماکے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا اور ان کونئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔حلف برداری کے موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری یاسر سلطان، ڈی جی ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء نقشبندی،ڈی جی ایم ڈی اے چوہدری عمران خالد، نومنتخب صدر ناصر رفیق،سیکرٹری جنرل ایاز حسین شاہ، پریس فاونڈیشن کے ممبر بورڈ آف گورنر چوہدری خالد سمیت الیکٹرانک میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔سیاسی جماعتوں کے اختلافات بڑھتے اور کم ہوتے رہتے ہیں۔سیاسی اختلافات کے خاتمہ میں ثالثی ہونی چاہیے۔میری چوہدری برادران سے ہونے والے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے مجھے امید ہے ق لیگ اور پی ٹی آئی کے تعلقات بہتر ہونگے۔اپوزیشن نے شروع دن سے عمران خان کو اسمبلی میں بات نہ کرنے دی جس سے ماحول خراب ہوا تھا۔ جمہوری نظام میں اچھی روایت قائم رکھنی چاہئیں۔قومی مفادات پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، او آئی سی کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کررہا ہے اس مرحلہ پر سیاسی قیادت کاقومی اور ملی اتحاد ہونا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مجھے پی ٹی آئی میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری لے کر آئے تھے۔اب وہ صدر ریاست ہیں اور میں وزیراعظم، حکومت کی سرپرستی بھی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ہی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا تعلق بھی میرپور سے ہے، ان کے صاحبزادے اور بھائی بھی قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں، وزیر حکومت چوہدری ارشد حسین کے پاس جو وزارت ہے وہ ریاست بھر میں بجلی کی وولٹیج بہتر کرنے کیلئے بہترین کردار ادا کر رہے ہیں، آزاد کشمیر میں سماہنی،اٹھمقام،سہنسہ اور عباس پور میں نئے گرڈ اسٹیشن بنا رہے ہیں جبکہ واٹر یوزرچارجز میں 95 پیسے اضافہ سے حکومت آزاد کشمیر کو سالانہ ساڑھے 12 ارب روپے کا منافع ملے گا اس طرح آزاد کشمیر میں دیگرہائیڈرل کے پراجیکٹ مکمل ہونے پر اس منافع میں خاطر خواہ اضافہ کی توقع ہے،میرپور والوں نے منگلا ڈیم کی تعمیر اور ریزنگ کے لئے بے مثال قربانیاں دیں یہاں کے لوگ اکثریت بیرون ممالک میں آباد ہے جو ایک کثیر زرمبادلہ ملک بھیج کر معیشت کو بہتر کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں،رٹھوعہ ہریام پل پر بھی جلد کام شروع ہو گا اور ایک سال میں مکمل کریں گے۔ میرپور کا دیرینہ مسئلہ ذیلی کنبہ جات بھی حل ہونے جا رہاہے۔

ہم ملکر ریاست کی خدمت کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن ہونے جا رہے ہیں، ہم بھرپور انتخابی عوامی مہم چلائیں گے بلدیاتی الیکشن کے ذریعے اقتدار کے ثمرات گراس روٹ لیول تک پہنچائیں گے۔بلدیاتی الیکشن میں نوجوانوں اور خواتین کو نمائندگی دیں گے،میڈیا بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ لوگ بلدیاتی الیکشن کی تیاری کرسکیں۔میں بلدیاتی الیکشن کرواؤں گا اس میں میرا بڑا تجربہ ہے۔ خود ساری زندگی شفاف طریقے سے گزاری ہے آئندہ بھی شفافیت کو قائم رکھوں گا۔انہوں نے کہاکہ میڈیا حکومت کی آنکھیں، کان اور زبان ہوتے ہیں، اس لیے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔میڈیا حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہے اس حوالے سے میڈیا کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے، میڈیا حکومت کی رہنمائی بھی کرتا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں پوری کریں تو معاشرہ ترقی کرسکتا ہے،میڈیا حکومت کی غلطیوں کی نشاندھی کرے،ان کی اصلاح کریں گے۔ہمیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں خیانت نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چند لوگ حکومت اور اداروں کو اپنی بنیاد پر دیکھنا چاہتے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گروپ بھی اصلاح و احوال کے لئے ہوتے ہیں ایک گروپ کسی کو گرانے اور دوسرا گروپ مزے لے یہ مقاصد نہیں ہونے چاہئے جو لوگ متحد و منظم ہوتے ہیں وہاں سب چیزیں اچھے طریقے سے چلتی ہیں جہاں اختلاف ہو وہاں احتیاط کرنی چاہیے۔وزیر اعظم نے کشمیر الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے لئے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔قبل ازیں وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی جب حلف کے لئے آئے تو ان کا پرتباک والہانہ استقبال کیا گیا اور انہیں پھول پیش کیے گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close