اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قوم وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ ہے، کشمیریوں کے محسن،آزاد خارجہ پالیسی کے خالق اور پاکستان کی ترقی کی علامت عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ریت کی دیوار ثابت ہو گی۔آج کا پاکستان ترقی کی سمت پر گامزن جبکہ متوسط طبقے کیلیے روشن کل کی علامت ہے۔
قوم دیکھ رہی ہے کہ کس طرح پاکستان کو غلامی کی دلدل میں دھکیلنے والا طبقہ ملک کو پھر اندھیرے میں دھکیلنے کیلئے پر تول رہا ہے مگر انہیں ناکامی ہو گی۔کل کا مورخ یہ لکھنے پر مجبور ہو گا کہ کس طرح عمران خان نے ملک کو دلیرانہ انداز میں لیڈ کرتے ہوئے غیروں کی غلامی سے نکالا۔آج ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولے کے خلاف عمران خان کی تاریخی جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، پاکستانی قوم کو غلامی کی دلدل میں دھکیلنے اور قومی سوچ کو غلامانہ سوچ میں بدلنے والے سیاسی بے راہرو اب بھی پرانے حربے آزمانہ چاہتے ہیں مگر ان کو ناکامی کے سوا کچھ نہ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک اور قوم کو حضرت قائداعظم اور حضرت علامہ اقبال کے افکار و نظریات کے مطابق ایک باوقار ملک اور فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے سرگرم عمل ہیں اور ان کا یہی کام انٹرنیشنل لابی اور ملک میں سیاہ رات مسلط کرنے والے کرپٹ ٹولے کو ہضم نہیں ہو رہا
مگر تمام سازشیں ناکام ہونگی اور عمران خان سرخرو ہونگے۔انہوں نے کہا کشمیری عوام اپنے بہادر اور خوددار لیڈر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں عمران خان وہ پہلے حکمران ہیں جنہوں نے بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کی اور خطے میں اسکی چوہدراہٹ کو چیلنج کرتے ہوئے اسے اپنی اوقات میں رکھا یہی وجہ ہے کہ اب بھارت اپنی اوقات میں رہ کر بات کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میلسی،لوئر دیر،حافظ آباد میں عوام کے سمندر نے یہ بتا دیا ہے کہ وہ اکیلے نہیں ہیں قوم ان کی پشت پر ہے کیونکہ باوقار پاکستان کے خالق عمران خان قوم کا درد رکھنے والے ایسے بہادر حکمران ہیں جو پاکستان کو جنوبی ایشیاء کا معاشی ٹائیگر بنانے کیلیے سرگرم عمل ہیں اور وہ اپنی اس جدوجہد میں عوام کی طاقت سے کامیاب ہونگے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں