17 مارچ کو مظفر آباد میں عظیم الشان کشمیری ریلی منعقد کی جائے گی، ریلی کے شرکاء صرف آزاد کشمیر کا جھنڈا اٹھائے ہوں گے، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں اگلے مرحلے میں 17مارچ بروز جمعرات صبح 10:30بجے دارالحکومت مظفرآباد میں ایک عظیم الشان کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔

 

اس میں تمام سیاسی و دینی جماعتوں سمیت ہر مکتب فکر کے افراد اپنی سیاسی و سماجی وابستگی سے بالاتر ہو کر شریک ہوکر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور انہیں پیغام دیں کے آزادی کے بیس کیمپ کا بچہ بچہ اُن کی جدوجہد آزادی میں اُن کے شانہ بشانہ ہے۔ اس کشمیرریلی میں تمام افراد صرف آزادکشمیر کا جھنڈا اُٹھائے ہوں گے اور تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے درج نعروں پر مشتمل بینرز، پینافلیکس، پوسٹرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے ہونگے۔ لہذا آپ لوگ اس ریلی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

اس موقع پر تقریب سے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید، چیئرمین مظفرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی اظہر گیلانی،پی ٹی آئی آزادکشمیر وویمن ونگ کی جنرل سیکرٹری گلزار فاطمہ، پی ٹی آئی ضلع مظفرآباد کے صدر سردار تبارک، سٹی صدر سید چن شاہ کاظمی، نیلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین سید صداقت شاہ، شازیہ کیانی ایڈووکیٹ، راجہ فرخ ممتاز، شاہدہ نقوی اور دیگر مقررین نے اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواتین نے کہا کہ 17 مارچ بروز جمعرات کو صبح 10:30بجے دارالحکومت مظفرآباد میں اس کشمیر ریلی میں خواتین بڑی تعداد میں شرکت کریں گی۔

 

اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں کشمیر ریلی کے انعقاد کے بعد آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں اب 17مارچ بروز جمعرات کو صبح 10:30بجے دارالحکومت مظفرآباد میں ایک بڑی کشمیر ریلی منعقد کی جائے گی جس میں تمام سیاسی جماعتوں سمیت ہر مکتب فکر کے لوگ بھرپور انداز میں شرکت کریں گے اور آزادی کے بیس کیمپ سے یہ پیغام دے کر ثابت کردیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اُن کی جدوجہد میں شانہ بشانہ ہیں اوریہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔ اسی طرح اس ریلی سے دنیا اور انٹرنیشنل میڈیاکی توجہ مسئلہ کشمیراور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر مبذول کرائی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close