آزاد کشمیر کے سابق صدرو قائداعظم کے ساتھی کے ایچ خورشید کی برسی کی تقریب، جموں وکشمیر لبریشن سیل اور جموں وکشمیر لبریشن لیگ کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر کے سابق صدرو قائداعظم کے قریبی ساتھی خورشید ملت خورشید حسن خورشید کی برسی کے موقع پر دارلحکومت میں جموں وکشمیر لبریشن سیل اور جموں وکشمیر لبریشن لیگ کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سابق وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان، وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید، پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ،صدر جموں وکشمیر لبریشن لیگ خواجہ منظو ر قادر ایڈووکیٹ، میر عبدالطیف و دیگر نے شرکت کی۔

تقریب میں مقررین نے خورشید ملت کی تحریک آزادی کشمیر اور قیام پاکستان کیلئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ خورشید ملت خورشید حسن خورشیدقائداعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھی اور قیام پاکستان میں قائد اعظم کے شانہ بشانہ رہے۔ ان کو دنیا سے رخصت ہوئے 34برس ہو گئے ہیں لیکن ان کے افکار و نظریات آج اندازہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کیلئے آزادکشمیر کی جملہ سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے۔سیاسی اختلاف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کیلئے ہم سب ایک ہیں۔ دس لاکھ سے زائد کشمیری یورپ برطانیہ اور امریکہ میں مقیم ہیں وہ تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ کے ایچ خورشید نے ہمیشہ اصولوں پر سیاست کی یہی وجہ ہے کہ ریاستی سیاست میں جو مقام مرحوم کے ایچ خورشید کو حاصل ہوا وہ کسی اور کے حصہ میں نہیں آیا۔

خورشید ملت نے آئین کی بالادستی اور ریاستی عوام کے حق حکمرانی کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔ مجھے فخر ہے کہ میرا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جہنوں نے اپنی سیاست کا آغاز کے ایچ خورشید کی قیادت میں کیا۔انہوں نے کہا کہ خورشید ملت نے سیاست میں مال ودولت پر عزت ووقار کو ترجیحی دی جب ایک ٹریفک حادثے میں انکی شہادت ہوئی اس وقت سابق صدر ریاست کی جیب سے چند روپے ملے۔انہوں نے کہا کہ خورشید ملت کی سیاسی جدوجہد اور کشمیری عوام کے حق حکمرانی کی جدوجہد ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ کے ایچ خورشید تحریک پاکستان میں قائد اعظم کے شانہ بشانہ رہے۔ خورشید ملت کو خراج عقیدت پیش کرنے کا یہی طریقہ ہے کہ ہم خورشید ملت کے افکار کے مطابق تحریک آزادی کشمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی وترقیات چوہدری محمد رشید نے کہا کہ قیام پاکستان اور تحریک آزادکشمیر کیلئے جدوجہد پر خورشید ملت خورشید حسن خورشید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ہمیں فخر ہے کہ خورشید حسن خورشید کشمیری تھے، ہم خورشید ملت کی راہوں پر چلتے ہوئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کو حقیقی معنوں میں تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنائیں گے۔ آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جس طرح سب نے اکھٹے ہوکر24فروری کو اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا،17مار چ کو مظفرآباد میں کشمیر ریلی ہونے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین یوکرائن کے معاملے پر خطے لکھ سکتی ہے تو مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم جاری ہے اس پر بھی آواز اٹھانی چاہیے۔پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ نے کہاکہ خورشید حسن خورشید سچے محب وطن لیڈر تھے۔ انہوں نے قائداعظم کے ساتھ مل کر قیام پاکستان کیلئے بھی خدمات انجام دیں۔ خور شید حسن خورشید کو سلام پیش کرتے ہیں۔ جموں وکشمیر لبریشن لیگ کے صدر منظور قادر ایڈووکیٹ نے کہاکہ خورشید حسن خورشید کے دل میں ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی آزادی کیلئے جذبہ موجود تھا۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی جدوجہد کی۔ انہوں نے لبریشن لیگ کے سابق صدر چیف جسٹس (ر) عبدالمجید ملک کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے لبریشن فرنٹ کے صدر سید توقیر گیلانی،جماعت اسلامی کے رہنماء شیخ عقیل الرحمان، ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ محمد اسلم خان، راجہ گلزار، ڈاکٹر عطااللہ، گلشاد بٹ، شیخ نذیر، لطیف الرحمان بٹ، عمیر صدیقی، خواجہ عمران، شاہد قریشی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سابق چیف جسٹس و لبریشن لیگ کے رہنما عبدالمجید ملک کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ کے ایچ خورشید کی برسی کی مناسبت سے طالبات نے نغمے بھی پیش کیے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close