انٹرنیشنل کمیونٹی کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنی چاہیں، صدر آزاد کشمیر کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وار کورس میں زیر تربیت افسران سے گفتگو

مظفرآباد (پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور اس سے قبل بھی ان دونوں ممالک کے درمیان کشمیر پر تین جنگیں ہو چکی ہیں۔ لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنی چاہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے وار کورس میں زیر تربیت آفیسران کی ایک ٹیم کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے وار کورس میں زیر تربیت آفیسران کی ٹیم میں 19ممالک جن میں امریکہ، جرمنی، سعودی عرب، تھائی لینڈ، بحرین، سری لنکا، آذربائیجانی، بنگلہ دیش، مصر، ایران، عراق، انڈونیشیا، اردن، قازقستان، ملائیشیا، نائجیریا، نیپال، فلسطین، میانمر کے 50سے زائد آفیسران شریک تھے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے وار کورس میں زیر تربیت آفیسران کی ٹیم کو جہاں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی وہاں آزاد کشمیر کے سیاسی اور انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے بھی آگاہی دی۔

اس موقع پر انہوں نے آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آپ سب لوگ اعلیٰ آفیسران ہیں اور آپ نے اگرچہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بہت کچھ پڑھا اور لکھا ہو گا لیکن آج آپ سب لوگ خود مظفرآباد کے دورے پر آئے ہیں اور آج آپ نے یہاں کی اصل صورت حال دیکھی ہے جس سے آپ کو بہت سی نئی چیزوں کے بارے میں بھی بخوبی ادراک حاصل ہوا ہو گا۔ اس سے قبل نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے وار کورس میں زیر تربیت آفیسران کی ٹیم کے انچارج ایئر وائس مارشل عمران سیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مختلف اہم شہروں اور اداروں میں جاتے رہتے ہیں اور آج ہم نے یہاں مظفرآباد کا دورہ کیا کیوں کہ ہم یہاں آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی سیاسی اور انتظامی ڈھانچے کے بارے میں جاننا چاہتے تھے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں