مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں متعدد قراردادوں کی منظوری دی گئی۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قرارداد میں کہا گیا کہ آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس پشاور، کوئٹہ اور سبی میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشتگرد حملوں میں شہید ہونے والے شہریوں، افواج پاکستان اور پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔
اجلاس سمجھتا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کے پیچھے بیرونی عناصر کارفرما ہیں جو ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے اورفرقہ واریت کو ہوا دینے کی مذموم کوششیں ہیں۔ پوری پاکستانی و کشمیری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ملک سے دہشتگردی کا مکمل قلع قمع کرنے کیلئے کمر بستہ ہے۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس تحریک آزادی کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کویک زبان ہو کر اسلام آباد میں کشمیر ریلی کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ اجلاس سمجھتا ہے کہ آزادکشمیر کی جملہ سیاسی قیادت کے مسئلہ کشمیر پر ایک پیج پر متفق ہونے سے لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب مثبت پیغام گیا ہے جس سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ اجلاس کشمیر ریلی کے کامیاب انعقاد پر صدرریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس مقبوضہ جموں وکشمیر ہندوستان کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کے عمل کی شدید مذمت کرتا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں آئے روز کشمیری نوجوانوں کی شہادتیں، کشمیریوں کی املا ک کو تباہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پانچ اگست 2019کی ہندوستان کی آئینی جارحیت کے بعد کشمیری مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے44ہزارسے زائد جعلی ڈومیسائل جار ی کر کے ہندوستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورز ی کررہا ہے جس کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیے۔ اجلاس عالمی اداروں اور مہذب دنیا سے کشمیریوں پر ہندوستانی مظالم رکوانے اور انہیں انکا پیدائشی حق‘ حق خودارادیت دلوانے کا مطالبہ کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس وزیرا عظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں ریاست کے اندر تعمیر وترقی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے اور اس توقع کا اظہار کرتا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت آزادکشمیر کو حقیقی معنوں میں ماڈل سٹیٹ بنانے میں اپنا کر دار ادا کرے گی۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں