مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ قائد ملت کے ایچ خورشید عظیم رہنماء تھے جنہوں نے اپنی زندگی کشمیر کاز کے لئے وقف کر دی تھی۔ کے ایچ خورشید بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے معتمد خاص تھے جن پر حضرت قائداعظم کو بھرپور اعتماد تھا۔آزادکشمیر میں جمہوریت کے فروغ، عوام کے حق حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لئے کے ایچ خورشید کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار قائد ملت کے ایچ خورشید کی برسی پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے عظیم کشمیری رہنماء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ وہ ایک اصول پسند جمہوری شخصیت تھے جن کا مطمع نظر مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور تمام ریاست کا پاکستان سے الحاق تھا۔انہوں نے کہا کہ کے ایچ خورشید کا تحریک پاکستان میں انتہائی کلیدی کردار ہے جو بانی پاکستان کے قریب ترین ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کے ایچ خورشید کی جمہوریت کے لئے اور آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے کی گئی جدوجہد کو یاد رکھتے ہوے نئی نسل کو ان سے روشناس کرانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایک نڈر،بے باک اور حق بات پر ڈٹ جانے والے لیڈر تھے۔انہوں نے کہا کہ حضرت قائداعظم نے اپنے دورہ سرینگر کے دوران کے ایچ خورشید کا انتخاب کیا اور پھر انہوں نے اپنی محنت اور دن رات کام کے ذریعے قائد کو اپنے انتخاب کا حق ادا کر کے دکھایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری جدوجہد میں کیایچ خورشید پیش پیش رہے اور انہوں نے مادر ملت محترمہ۔فاطمہ جناح کی الیکشن کمپین کو لیڈ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کو ووٹ کا حق دلانے میں کے ایچ خورشید کا اہم کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے نئی نسل سے کہا کہ وہ کے ایچ خورشید کی حیات زندگی کا مطالعہ کریں اور اس سے رہنمائی حاصل کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ۔کے ایچ خورشید نے کشمیر اور پاکستان کے تعلق کو مضبوط بنایا وہ پاکستان کے ساتھ الحاق کے نظرئے کے بانی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی راست گوئی اور ایمانداری کی اس سے بڑی کیا مثال ہے کہ آزاد ریاست کا صدر رہنے والا عظیم رہنماء ایک مسافر کوچ میں سفر کرتا ہوا دار فانی سے رخصت ہوا اور ان کی جیب میں فقط 37 روپے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کا اعلی کردار تھا جس کی بناء پر کشمیری۔قوم انہیں خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں