مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی صدارت میں آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابا ت کے انعقاد اور آزاد جموں وکشمیرالیکشن کمیشن کے معاملات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس، اجلاس میں آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی تنظیم نو،آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی عمارت کی تعمیر اور بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کے طریقہ کار سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری شکیل قادر خان،سیکرٹری برائے وزیراعظم ظفر محمودخان،سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ،سیکرٹری قانون ادریس عباسی،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اعجاز احمد خان،سیکرٹری الیکشن کمیشن سردار غضنفر سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری قانون نے آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کمیٹی کی سفارشات پیش کیں۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کی تنظیم نو اور مطلوبہ آسامیوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا اور الیکشن کمیشن کی دفتری مکانیت کی تعمیر کے سلسلہ میں بورڈ آف ریونیو کو زمین کے تعین کی ہدایات جاری کی گئیں اور محکمہ فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کو ہدایت کی گئی کہ وہ زمین کے تعین کے فوراً بعد الیکشن کمیشن کی عمارت کی تعمیر کا پی سی ون تیار کرے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو مطلوبہ فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اس حوالے سے طریقہ کار بھی طے کیا گیا۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق ایکٹ میں مجوزہ ترمیم کا بھی جائزہ لیا گیا اور الیکشن ایکٹ میں مجوزہ ترمیم جلد کابینہ سے منظور کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ تحریک انصاف نے آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا وعدہ کر رکھا ہے پی ٹی آئی آزادکشمیر کی حکومت تیس سال سے التواء کا شکار بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پر عزم ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنا کر اقتدار نچلی سطح پر منتقل کریں گے۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، حکومت آزادکشمیر ادارہ کے فعال اور با اختیار ہونے پر یقین رکھتی ہے۔
آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کو فعال اور با اختیار ادارہ بنانے کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کے لیے دفتری مکانیت کی فراہمی کے سلسلہ میں عمارت کی تعمیر یقینی بنائی جائے گی۔الیکشن کمیشن کی تنظیم نو کر کے اہم آئینی ادارہ کے لیے مطلوبہ اسامیوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں