بنک آف آزاد کشمیر کو شیڈول بنک کا درجہ دلانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کی طرف پیش رفت، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت اجلاس

مظفر آباد (پی این آئی) آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیرصدارت بنک آف آزاد جموں وکشمیر کے متعلق اہم اجلاس،اعلیٰ سطحی اجلاس میں بنک کو شیڈول کا درجہ دلانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات اٹھانے،بنک میں نیا آئی ٹی سسٹم لگانے کے فیصلے،اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیر خزانہ عبدالماجد خان، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، سیکرٹری ٹو پی ایم سردار ظفر محمود، سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ،سی ای اوکشمیر بنک خاور سعید،سی ایف او شاہد شہزاد میر،آئی ٹی ہیڈ احتشام ملک اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سی ای او آزاد جموں وکشمیر بنک نے وزیراعظم کو بریفنگ دی اور بتایا کہ 2020میں بنک کا منافع 301ملین روپے تھا جبکہ 2021میں یہ منافع بڑھ کر 458ملین روپے ہو گیا ہے۔ موجودہ حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد بنک کے منافع میں 20کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے، بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بنک کو شیڈول کا درجہ دلانے کے لیے 10بلین روپے کی ضرورت ہے جبکہ بنک کے پاس ساڑھے 5بلین روپے موجودہیں۔اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران آزادجموں و کشمیر بنک کو شیڈول کا درجہ دلانے کے لیے حکمت عملی پر تفصیلی غور و غوض کیا گیا اور بنک کے بزنس پلان میں مزید بہتری کے لیے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر کے سرکاری محکموں کے پاس جو فنڈز مختلف بینکوں میں موجود ہیں ان کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی، اس حوالے سے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے سیکرٹری مالیات کو ہدایت کی کہ وہ تمام سرکاری محکموں کے فنڈز اور اثاثوں سے متعلق تفصیلات اکھٹی کریں کہ کس محکمہ کے کتنے فنڈز کس بنک میں رکھے گئے ہیں۔

بنک آف آزاد جموں وکشمیر کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ بنک کو شیڈول کا درجہ دلانے کے لیے تمام تر وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ بنک کے شیڈول ہونے سے جہاں روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے وہاں بنک آزاد خطہ کی ترقی اور خوشحالی میں بھی اپنا کردار ادا کر سکے گا۔بنک آف آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور اس کے اثاثوں میں اضافے کے لیے حکومت بھرپور تعاون کرے گی،بنک آف آزاد جموں وکشمیر کو شیڈول کا درجہ دلانے کے لیے وفاق سے بھی تعاون حاصل کیا جائیگا اور یہ معاملہ وفاقی سطح پر بھی اٹھایا جائے گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close