مظفر آباد، محکمہ ترقی نسواں کے زیر اہتمام عالمی یوم خواتین کی تقریب، تعلیم یافتہ خاتون اپنی اولاد کی صحیح معنوں میں تربیت کر سکتی ہے، مقررین

مظفرآباد (پی آئی ڈی) عالمی یوم خواتین کے موقع پر محکمہ ترقی نسواں کے زیر اہتمام دارلحکومت مظفرآباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد تھے جبکہ وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے تقریب کی صدارت کی۔ تقریب میں ممبر اسمبلی نثار ہ عباسی، ڈائریکٹر ترقی نسواں اکرام الحق، چیئرمین ویمن کمیشن برائے وقار نسواں تہمینہ صادق خان،ہیلتھ کوآرڈینیٹر برائے وزیراعظم سیدہ اسما اندرابی، چیف پلاننگ شمعون ہاشمی،اسلامک ریلیف کے ذیشان مسعود حیدر، ڈائریکٹر ٹریننگ ترقی نسواں رابعہ گیلانی سمیت تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔تقریب میں محکمہ ترقی نسواں کے زیراہتمام ویمن ٹریننگ سینٹرز میں تیار کردہ مصنوعات کے سٹالز لگائے گئے تھے۔

وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد اور وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے سٹالز کا معائنہ کیا، ڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ اکرام الحق نے انہیں بریفنگ دی۔ وزراء حکومت اور شرکاء تقریب نے سٹالز میں گہری دلچسپی لی اور محکمہ ترقی نسواں کی اس کاوش کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ ہماری خواتین باصلاحیت ہیں اور زندگی کے تمام شعبوں میں ہماری خواتین نے اپنی محنت سے نام بنایا ہے۔ کوالٹی اور تعلیم میں ہماری خواتین مردوں سے بھی آگے ہیں۔ ایک تعلیم یافتہ خاتون اپنی اولاد کی صحیح معنوں میں تربیت کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کی جانب سے تیار کردہ مصنوعات دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، ان کی مارکیٹنگ کی جائے تاکہ خواتین کو معاشی فائدہ بھی ہو اور ہماری ثقافت بھی اجاگر ہو۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں خواتین کیلئے خصوصی کوٹہ مختص کریں گے۔حکومت آزادکشمیر خواتین کو مزید بااختیار بنانے کیلئے تمام وسائل فراہم کریگی۔ وکالت کے شعبے میں جس انداز سے خواتین آرہی ہیں وہ ہماری بچیوں کیلئے بھی حوصلہ افزاء ہے۔ جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کی پہلی جج بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں ضرویات بڑھ گئی ہیں اور عورت اور مرد دونوں مل کر گھر کا نظام چلاتے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر محکمہ ترقی نسواں کے کردار کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ ہماری دین اسلام نے خواتین کے حقوق کا تعین کر دیا ہے اور قرآن پاک اور نبی اکرمﷺکی تعلیمات میں خواتین کے مقام اوران کے حقوق بیان کر دیے گئے ہیں،سب سے پہلے ایک خاتون حضرت خدیجہؓ نے اسلام قبول کیا۔انہوں نے کہاکہ بیٹیاں اللہ کی رحمت ہوتی ہیں۔ جس گھرمیں بیٹیاں نہ ہوں وہ گھر بے رونق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کی بھی ضرورت ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ موجودہ دور میں خواتین کو ہنر بنانے کیلئے فنی تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں۔ ہائی ٹیک کے موجودہ دور میں ہنرمندی کی تربیت حاصل کر کے خواتین اپنے گھر بیٹھے اپنی معاشی حالت بہتر کر سکتی ہیں۔وزیر تعلیم نے کہاکہ یہاں پر ویمن ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام سٹالز دیکھ پر خوشی ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ترقی نسواں اکرام الحق نے کہاکہ خواتین کو باوقار اور بااختیار بنانے کیلئے محکمہ ترقی نسواں اپنا ہر ممکن کردار ادا کررہا ہے۔ بیروزگاری کے خاتمے کیلئے فنی تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں۔ اس وقت محکمہ ترقی نسواں کے 45سینٹرز کام کررہے ہیں جن میں خواتین کو مختلف شعبہ سے متعلق تربیت دی جارہی ہے۔ خواتین کیلئے آزادکشمیر بھر میں 7شیلٹرز ہومز بنائے گئے ہیں تاکہ تشدد کا شکار اور بے سہارا خواتین باعزت طریقے سے سہولیات کے ساتھ وہ رہ سکیں۔ خواتین کو گھر جیسا ماحول فراہم کرنے کیلئے5ورکنگ ویمن ہاسٹلز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ جامعات میں دیگر مقامات پر ڈے کیئر سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مئی1908کونیویارک میں اپنی اجرت بڑھانے کیلئے خواتین نے احتجاج کیا جس پر ریاستی دہشتگردی کی گئی۔ اس بعد روس کے انقلاب میں بھی خواتین کی تحریک کا اہم کردار رہا۔چیئرپرسن ویمن کمیشن برائے وقار نسواں تہمینہ صادق خان نے کہاکہ خواتین کو بااختیار بنائے گھر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ اسلام نے عورت جو مقام دیا وہ کسی اور مذہب میں نہیں۔

خواتین کو باااختیار اور باوقار بنانے کیلئے وویمن کمیشن اپنا بھرپور کردار ادا کریگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر کی کوآرڈی نیٹر برائے ہیلتھ اسما اندرابی نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو جو مقام دیا ہے وہ کسی اور نے نہیں دیا، آزاد کشمیر کی خواتین نے تمام شعبوں میں اپنی محنت سے نام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں قائم حکومت خواتین کو سہولیات اور مواقعوں کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ تقریب سے شازیہ اعوان، آسیہ رفیق، نائلہ شہزاد، مریم کشمیری، آمنہ الطاف شکیبہ کاظمی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ملی نغموں اور ترانوں نے سماں باندھ دیا۔ تقریب کے اختتام پرمہمان خصوصی خواجہ فاروق احمد کو ڈائریکٹر ترقی نسواں اکرام الحق نے شیلڈبھی پیش کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close