”عورت ہوں مگر صورت کوہسار کھڑی ہوں“ خواتین کا عالمی دن، سیکرٹری اطلاعات مدحت شہزاد کا خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جموں وکشمیرلبریشن سیل اور ماڈل سائنس کالج مظفرآباد کے اشتراک سے سیمینار ”بعنوان:عورت ہوں مگر صورت کوہسار کھڑی ہوں“ کا انعقاد کیا گیا۔ جس پر خواتین کے مسائل اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر کی خواتین کے حقوق کے حوالے سے تقاریر ہوئیں اور آزادکشمیر میں حکومت کی جانب سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے کی جانی والی کاوشوں کو سراہا گیا۔

اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سیکرٹری اطلاعات مدحت شہزاد نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں خواتین کا کردار نمایاں ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی تعمیروترقی کیلئے خواتین کے کردار اور اہمیت کو سمجھا جائے اور خواتین کے خلاف منفی رویوں میں تبدیلی لائی جائے تاکہ ایک مثبت معاشرے کی تکمیل عمل میں لائی جا سکے۔ اس موقع پر سیکرٹری جموں وکشمیرلبریشن سیل اعجاز حسین لون نے کہا کہ اسلام میں عورت کو بلند حقوق دیئے گئے ہیں مقبوضہ کشمیر میں اس وقت خواتین بھارتی مظالم کی سنگینوں کے سائے تلے زندگیاں بسر کرر ہی ہیں جس پر اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں اور خواتین کے حقوق پر کام کرنے والی تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ڈائریکٹر جموں وکشمیرلبریشن سیل راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔

اسلام نے عورت جو مقام دیا وہ کسی دوسرے مذیب اور معاشرے نے نہیں دیا۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں عورتوں کے ساتھ ہونے والے ظلم وزیادتی کا نوٹس لیں۔ ڈائریکٹر راجہ محمد اسلم خان نے کہا کہ 8مارچ خواتین کے عالمی دن پر ہمیں مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو یاد رکھنا چاہیے۔پرنسپل ماڈل سائنس کالج شائستہ قاسمی نے کہا کہ خواتین کا عالمی دن ایک مزدور تحریک کے طور پر شروع ہوا اب یہ اقوام متحدہ کی جانب سے ایک تسلیم شدہ سالانہ دن ہے۔ ہمارے مذہب اور معاشرے میں عورت کو جو حقوق دیئے گئے ہو اس بات کے عکاس ہیں کہ خواتین کا زندگی کے ہر شعبہ میں کردار نمایاں ہونا چاہیے۔ سیمینار سے اسسٹنٹ پروفیسر پروین کوثراور طالبات نے عورت کے حقوق،کردار اور مسائل کے حوالے سے پر جوش تقاریر کیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close