مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی صدارت میں محکمہ صنعت و تجارت کا جائزہ اجلاس۔ 2ارب 68کروڑ روپے کی 4ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی گئی۔ ان سکیموں میں میرپور میں سپیشل اکنامک زون کیلئے 2ارب 24کروڑ روپے، ریاست بھرمیں چھوٹے کاروبار کی حوصلہ افزائی کیلئے 25ملین کا ترقیاتی منصوبہ، کوٹلی، راولاکوٹ، ڈڈیال، بھمبر اور مظفرآباد انڈسٹریل اسٹیٹس میں ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے 125ملین روپے اور چائلڈ لیبر کے خاتمے سے متعلق 65ملین روپے کا منصوبہ شامل ہے۔
محکمہ صنعت و تجارت کے جائزہ اجلاس میں محکمہ کی 6ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ 6ماہ کے اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس میں مشیر صنعت و تجارت چوہدری مقبول،چیئرمین انویسٹمنٹ بورڈ سردار امجد جلیل،سیکرٹری ٹو وزیراعظم سردار ظفر محمود،سیکرٹری صنعت و تجارت سید ظہور الحسن گیلانی،چیئرمین ٹیوٹا وجاہت رشید بیگ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس میں میرپور میں سپیشل اکنامک زون کی ترقی کے 2ارب 24کروڑ روپے کے منصوبہ کو کشمیر ڈویلپمنٹ پیکج میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی آزادکشمیر میں روز گار کی فراہمی اور چھوٹے کاروبار کو فروغ دینے کے لے 25ملین روپے کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا یہ منصوبہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گا اور ہزاروں افراد کو روز گار کے مواقع میسر آئیں گے وزیراعظم آزادکشمیر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کوٹلی،مظفرآباد،راولاکوٹ ڈویال اور بھمبر میں قائم انڈسٹریل سٹیٹس میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 125ملین کی منظوری بھی دی گئی اس خطیر رقم سے صنعتی زونز میں صنعت کارروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔
اجلاس میں 65ملین روپے کے خصوصی منصوبہ کو بھی زیر غور لایا گیا چائلڈ لیبر کے خاتمے سے متعلق یہ منصوبہ یونیسف کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا منصوبہ تیار ہے جس پر یونیسف کے تعاون سے جلد کام شروع کیا جائیگا اور اسی منصوبہ کے تحت مظفرآباد اور میرپور میں چائلڈ لیبر سروے بھی کیے جائیں گے محکمہ صنعت و تجارت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزادکشمیر میں صنعتی ترقی کے لیے ڈومیسٹک کامرس پالیسی،ای کامرس پالیسی،سمال،میڈیم اور انٹرپرائزز پالیسی سمیت دیگر جاندار اقدامات پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے محکمہ کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ آزادکشمیر میں صنعتی ترقی کے لیے منظم منصوبہ بندی کریں اس سلسلہ میں وفاقی اداروں سے شراکت داری اور تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھائیں، آزادکشمیر میں معدنیات، سیاحت اور زراعت میں پرکشش سرمایہ کاری کے لیے محکمہ اپنا کردار ادا کرے،
آزادکشمیر کے 6انڈسٹریل سٹیٹس اور سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر سرمایہ کاروں کو دیگر صوبوں کی طرز پر سہولیات دینے کے لیے متعلقہ قوانین میں ریفارمز و ترامیم کے لیے تجاویز دی جائیں اور آزادکشمیر میں صنعت کاروں کو ٹیکسوں میں حاصل خصوصی چھوٹ کی موثر تشہیر کی جائے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں روز گار کے متبادل ذرائع نہیں ہیں، صنعتوں کو ترقی دے کر آزادکشمیر میں روز گار کے بہتر اور وسیع مواقع مہیا کیے جائیں گے چھوٹی صنعتوں کے فروغ سے جہاں روزگار کی فراہمی ممکن ہو گی وہاں غربت میں بھی کمی آئے گی انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت آزادخطہ کے اندر صنعتی ترقی کے لیے کوشاں ہے اور صنعتی ترقی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے صنعتی ترقی سے جہاں روز گار کے وسیع مواقع پیدا ہو سکتے ہیں وہاں خطہ کی معاشی ترقی بھی ممکن ہو گی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں