مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی اچھل کود بلیک میلنگ کی ناکام کوشش ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان سے این آر او لینے کے لیے کرپٹ ٹولہ سیاسی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔بیرونی اشاروں پر ناچنے والے جتنا مرضی زور لگا لیں عمران خان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکے گی۔
اپوزیشن جماعتیں ملک کو سیاسی عدم استحکام کاشکار بنانا چاہتی ہیں لیکن پوری قوم اپنے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔انشاء اللہ عمران خان ایک بار پھر سرخرو ہو ں گے۔اپنے ایک خصوصی بیان میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے عمران خان کو پانچ سال کا مینڈیٹ دے رکھا ہے وزیراعظم عمران خان نہ صرف یہ پانچ سال پورے کریں گے بلکہ وہ 2023کے انتخابات میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار میں آئیں گے۔پاکستان کے عوام وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیرنے کہا کہ عمران خان نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ آزاد اور مقبوضہ کشمیرکے عوام کے لیے بھی امید کی کرن ہیں۔
کشمیری عمران خان کو اپنا محسن سمجھتے ہیں۔عمران خان ایک جرات مند، بہادر اور نڈر لیڈر ہیں جو جہاں دنیا میں پاکستانیوں کے لیے لڑتے ہیں وہیں کشمیریوں کے لیے بھی آواز بلند کرتے ہیں۔عمران خان دنیا کی بڑی بڑی طاقتوں سے ٹکرانے والا لیڈر ہے۔عمران خان نے گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کو بلند کیا اور خود کو مسلم امہ کے لیڈر کے طور پر منوایا۔آج اسلامی ممالک بھی عمران خان کے کردار کے معترف ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں