میرپور (پی آئی ڈی) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر سے کرپشن کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔ میرپور میں کچھ امپورٹڈ لوگوں نے کرپشن کی دوکانیں کھول رکھی ہیں جنھیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ میں اس سلسلے میں حکومت اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کر چکا ہوں۔ کرپشن میرے لیے زیرو ٹالرنس ہے میں نے اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں کرپشن کے خاتمے اور شفاف احتساب کے لیے احتساب ایکٹ بنایا تھا مگر بعد کی حکومتوں نے اس کی شفافیت کو ختم کر دیا۔ میں اپنے دورے حکومت کے طرز کے احتساب ایکٹ کی بحالی چاہتا ہوں اگر میرپور سے کرپشن کا خاتمہ نہ ہوا تو ہم پھر عوامی راستہ اختیار کریں گے۔
مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے جارحانہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ دوبئی کا حالیہ دورہ اسی تناظر میں تھا اس سے قبل چوبیس فروری کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کشمیر ریلی کا کامیاب ترین انعقاد کر کے ریاست کی تمام سیاسی قیادت نے متفقہ طور پر یہ پیغام دیا تھا کہ کشمیر کاز پر ریاست کی تمام سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں 17 مارچ کو دارلحکومت مظفرآباد میں کشمیر ریلی نکالی جا رہی ہے جس میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں اور تمام مکتبہ فکرشرکت کریں گے۔آزاد جموں وکشمیر انٹر میڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ میرپور کو نہ صرف پاکستان و آزادکشمیر کا مثالی بورڈ بلکہ بین الاقوامی معیار کا بورڈ بنائیں گے۔
آزادکشمیر میں لٹریسی ریٹ پاکستان کے تمام صوبوں سے بہتر ہے تاہم کوالٹی آف ایجوکیشن کو دور جدید کے چیلنجوں کے مطابق ہم آہنگ کرنا اور اس میں بہتری کرنا ہوگی۔میں کسی صوبے یا ریاست کا نہیں بلکہ آزادی کے بیس کیمپ کا صدر ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیمی بورڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر برقیات و آبائی وسائل چوہدری ارشد حسین، ممبر اسمبلی چوہدری یاسر سلطان،ممبر اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری محترمہ صبیحہ صدیق، چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر قاضی محمد ابراہیم،تعلیمی بوڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسو سی ایشن کے صدر یاسر چوہدری،سیکرٹری جنرل محمد شوکت خان،مرزا خلیل نے بھی خطاب کیا۔
جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر مسٹ پروفیسر ڈاکٹر یونس جاوید،،سیکرٹری صدارتی امورڈاکٹر سید آصف حسین،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر لیاقت حسین،ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء نقشبندی،ڈی آئی جی پولیس ڈاکٹر خالد چوہان،سیکرٹری تعلیمی بورڈ ساجد عزیز نور،ضلعی صدر پی ٹی آئی چوہدری محمد صدیق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یاسر ریاض، ایس پی راجہ اظہر اقبال،سابق چیئرمین پروفیسر افضل مرزا،سابق چیئرمین بورڈ پروفیسر ظہیر چوہدری،سابق پرنسپل محترمہ جمیلہ چوہدری،سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر بشیر چوہدری،سابق امیدوار اسمبلی راجہ نوید اختر گوگا،سابق وائس چیئرمین بار کونسل ریاض نوید بٹ، پروفیسر مطیع الحسن شاہ کے علاوہ ماہرین تعلیم، بورڈ کے ملازمین، سول سوسائٹی کی چیدہ چیدہ شخصیات نے شرکت کی۔ محترمہ سدرہ بشیر نے کشمیر نغمہ پیش کیااور حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔
اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد جموں وکشمیر تعلیمی بورڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا تعلیمی بورڈ آمد پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا والہانہ استقبال کیا گیا انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے اس خطہ کو آزادی کا حقیقی معنوں میں بیس کیمپ بنانے کے ساتھ ساتھ خطہ کو معاشی و اقتصادی لحاظ سے خوشحال اور خود کفیل خطہ بنائیں گے۔دبئی میں ہونیوالے ایکسپو میں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں سے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر دنیا کا خوبصورت ترین خطہ ہے یہاں ہائیڈرل،منرل،ٹورازم سمیت دیگر شعبوں میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اس مقصد کے لیے میرپور اور راولاکوٹ میں ایئر پورٹ بنائیں گے اور پاکستان ایئر لائن کی طرز پر آزادکشمیر ایئر لائن بھی بنائی جائیگی۔
آزادکشمیر میں ٹورازم کے فرو غ کے لیے ہیلی کاپٹر سروس شروع ہونا چاہیے۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے جب میں نے بطور صدر آزادکشمیر کا حلف لیا تو میں نے ریاست جموں وکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان و قیادت کو یکجا کیا۔سیاسی جماعتوں کے نظریات اور ترجیحات کو بالا طاق رکھتے ہوئے 30جنوری کو آل پارٹیز کشمیر کانفرنس اور 24فروری کو تاریخی کشمیر ریلی اسلام آباد میں منعقد کی جس کے اثرات پوری دنیا پر پڑے بلکہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے حوصلے بھی بلند ہوئے۔
اب آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور قائدین پر مشتمل 17مارچ کو مظفرآباد میں کشمیر ریلی کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو پیغام دے سکیں کہ وہ آزادی کی جدوجہد میں اکیلے نہیں بلکہ بیس کیمپ کی حکومت اور لوگ ان کے ساتھ ہیں۔انھوں نے کہاکہ اوورسیز کا بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بڑا اہم کردار ہے جنھوں نے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر احتساب ایکٹ کو فعال بنایا جائے ا ور کرپشن کے خاتمہ کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔
انھوں نے تعلیمی بورڈ کے ملازمین کے ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس،ملازمین رہائشی کالونی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ بورڈ کے ملازمین کی ادارہ کی کارکردگی کو بہتر بنائیں چونکہ آزادکشمیر بورڈ کی پاکستان بھر کے بورڈ میں اپنی حیثیت ہے جس کی آج تک کوئی جعلی سند جاری نہیں ہوئی۔چیئرمین تعلیمی بورڈ ادارہ کو مثالی اور بین الاقوامی بورڈ سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں بورڈ کی طرف سے تحائف دینے کی روایت کو سراہتے ہوئے کہاکہ جانے والوں کی عزت اور آنے والوں کے ساتھ تعاون ہونا چاہیے۔ایسی شاندار راویات قائم رہنی چاہیں۔
قبل ازیں صدر ریاست جموں و کشمیر جب ہال میں پہنچے تو ان کا کھڑے ہوکر پرتباک والہانہ استقبال کیا گیا اور ان پر گل پاشی کی گئی۔تقریب میں پاکستان اور آزاد کشمیرکے قومی ترانے پیش کیے گے۔صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیر برقیات و آبائی وسائل چوہدری ارشد حسین، ممبر اسمبلی چوہدری یاسر سلطان، ممبر اسمبلی محترمہ صبیحہ صدیق، وائس چانسلر مسٹ ڈاکٹر یونس جاوید نے سابق ریٹائرڈ ملازمین کو بورڈ کی طرف سے تحائف پیش کیے۔صدر گرامی سمیت جملہ مہمانوں نے بورڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسو سی ایشن کے نو منتخب ممبران کو مبارکباد دی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں