کوٹلی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جولائی میں ہوں گے، کارکن تیاری کریں۔ وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں مسئلہ کشمیر اور پاکستان دونوں مضبوط ہاتھوں میں ہیں، اپوزیشن اچھل کود سے ملک میں عدم استحکام پیدا نہ کرے،ریاست بھر میں ٹنلز،سڑکوں،ہسپتالوں اور سیاحت کے میگا پراجیکٹس شروع کردیے۔ تین سال میں کشمیر تبدیل ہو جائے گا۔ عمران خان صرف پاکستان نہیں امت مسلمہ کے لیڈر ہیں،
کلبھوشن کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں جا سکتا ہے تو مسئلہ کشمیر بھی جا سکتا ہے۔ وہ اتوار کے روز منیل فگوش میں راجہ قیوم کی طرف سے دیے گئے استقبالیہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ تقریب کی صدارت وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کی جبکہ تقریب سے ظفر اقبال ملک وزیر ہائرایجوکیشن،چوہدری محمد اخلاق وزیر مال و کسٹوڈین،ڈاکٹر نثار انصر ابدالی وزیر صحت عامہ،راجہ منصور خان سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر اور میزبان راجہ قیوم نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم نے منیل فگوش روڈ کی ری کنڈیشنگ اور پرائمری منیل سکول کو مڈل کا درجہ دینے کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں آج پاکستان کے فیصلے پاکستان ہی میں ہو رہے ہیں، کشمیر کے فیصلے بھی کشمیر میں ہوں گے۔ آزاد کشمیر کو جنت نظیر بنائیں گے عمران خان کشمیریوں کے ساتھ ہیں کشمیر کی تقدیر بدل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو یقین دلاتا کہ مسئلہ کشمیر ایسے وکیل اور سفیر کے ہاتھ میں ہے جو نہ ڈرتا ہے،نہ گھبراتا ہے اور نہ ہی جھکتا ہے،اپوزیشن سے کہتا ہوں ہم اسمبلی میں مروت رکھتے ہیں ہم جو بات کہتے ہیں وہ کرتے ہیں اس ریاست کا نظم ونسق اور تعمیر و ترقی پی ٹی آئی حکومت کی ذمہ داری ہے ہم یہ ذمہ داری بھرپور انداز میں نبھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں سید علی گیلانی کا نعرہ دھراتا ہوں“ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے”ہم کمزور نہیں پاکستانی قوم اور حکومت ہمارے ساتھ ہے انہوں نے کہا کہ چوبیس فروری کو کشمیر ریلی میں سابق صدور آزاد کشمیر اور سابق وزرائے اعظم کی طرف سے شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں،انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل عالمی برادری کی ذمہ داری ہے ورنہ جنوبی ایشیا میں چنگاری سلگ سکتی ہے ہمیں کسی بات کی فکر نہیں ہمارا بم شو کیس میں رکھنے کے لئے نہیں –
قبل ازیں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا فگوش منیل پہنچنے پر شاندار اور فقید المثال استقبال کیا گیا،ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں،گھوڑوں کے رقص اور ڈھول کی تھاپ پر پنڈال سے گزارتے ہوئے سٹیج تک لے جایا گیا۔ اس موقع پر اہلیان علاقہ سمیت تحریک انصاف کے سیکٹروں کارکنان بھی موجود تھے راجہ قیوم کی فیملی کی خواتین نے بھی وزیراعظم پر گھر کی چھت سے پتیاں نچھاور کیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں