مظفرآباد (پی آئی ڈی) محکمہ زراعت آزادکشمیر کے زیر اہتمام زراعت کمپلیکس گوجرہ میں نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے ”کسان میلہ“ کے نام سے ایک آگاہی سیشن ہفتہ کے روزمنعقد ہوا جس میں سیکرٹری زراعت، لائیوسٹاک،آبپاشی و اسماء ارشاد احمد قریشی، ناظم اعلیٰ زراعت طارق محمود بانڈے، سٹیٹ بنک آف پاکستان، نیشنل بنک اور محکمہ زراعت کے آفیسران کے علاوہ زمینداران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آگاہی سیشن کا مقصد نیشنل بنک کے کسان دوست زرعی فنانس پروگرام کے مقاصد سے شرکاء کو آگاہ کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوے سیکرٹری زراعت ارشاد احمد قریشی نے کہا کہ نیشنل بنک نے آسان زرعی قرضہ کی سکیم شروع کر دی ہے۔ یہ سکیم کاشتکاروں کے لیے سود مند ثابت ہوگی۔ اس سکیم سے فائدہ اٹھا کرزمینداران اپنی آمدنی میں اضافہ کر پائیں گے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ کاشتکار نیشنل بنک جو کہ 20کروڑ روپے سے زائد کے قرضہ جات فراہم کر رہا ہے، کی سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور قرضہ کی رقم کا صحیح استعمال کریں۔
سیکرٹری حکومت نے نیشنل بنک کے آفیسران کا شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ سا ل 2022ء آزاد کشمیر میں محکمہ زراعت اور نیشنل بنک کے تعاون سے زرعی ترقی کا سال ثابت ہوگا۔ ناظم اعلیٰ زراعت طارق محمود بانڈے نے بھی شرکاء اور آفیسران کا شکریہ ادا کیا اور نیشنل بنک کی اس سکیم کو زرعی ترقی کے لیے خوش آئندہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار زیادہ سے زیادہ اس سکیم سے فایدہ اٹھا کر اپنی آمدن میں اضافہ کریں۔اس موقع پر ریلیشن شب منیجر فرحت خلیل نے بریفنگ دیتے ہویبتایا کہ زرعی قرضہ جات نیشنل بنک کی ایک سو سے زائد برانچز سے آسان شرائط پر حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل بنک زمینداران کے لیے مختلف طرح کے قرضہ جات فراہم کرے گا جن میں زرعی قرضہ برائے ٹنل فارمنگ، برائے خریداری مویشی، برائے مویشی کلینک و لیبارٹری، خریداری ٹریکٹر، زرعی مشینری اور زرعی قرضہ برائے مچھلی فارم شامل ہیں۔ کم مارک اپ پر قرضہ جات کی فراہمی کا مقصد آزاد کشمیر کو زرعی ترقی کی جانب راغب کرنا اور ریاست کے لوگوں کو زراعت کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔ اس موقع پر بنک کے دیگر آفیسران نے بھی خطاب کیا اور شرکاء سے اپیل کی کہ قرضہ جات لے کر ان کا صحیح استعمال بھی نہایت ضروری ہے تاکہ اس سے فائدہ اٹھا کر بروقت قرضہ واپس کر سکیں اور اپنی آمدنی میں بھی اضاضہ کر سکیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں