اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر ) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی کامیاب خارجہ پالیسی سے پاکستان کا امیج دنیا میں بحال ہوا،عمران خان کی قیادت میں ملک صحیح سمت گامزن ہو چکا ہے۔ لانگ مارچ کرنے والوں کو متحد ہو کر مسئلہ کشمیر پر لانگ مارچ کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔
عمران خان کی کمال مہربانی اور خصوصی دلچسپی سے آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دورکا آغاز ہوا ہے ، تحریک انصاف آزادکشمیر کی حکومت عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سرگرم عمل ہے ، آزادکشمیر میں پہلی بار اپوزیشن کو ترقیاتی فنڈکا برابر حصہ دیا گیا۔انتخابی مہم کے دوران عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادکشمیر بھر سے آئے ہوئے عوامی وفود اورپارٹی رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ افغانستان کا مسئلہ ہو یا اسلامو فوبیا کے خلاف عمران خان کی مہم ، پاکستان کے نکتہ نظر کو دنیا میں تقویت ملی ، یہ عمران خان اور پاکستان کی کامیابی ہے۔
بطور سفیر کشمیر عمران خان نے تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کی اور انتہا پسند مودی اور آر ایس ایس کے انتہا پسندانہ چہرے کو بے نقاب کیا۔ عمران خان کا دورہ روس بھی پاکستان کےلئے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ حکومتیں گرانے کا شوق پورا کرنے کے بجائے مولانا صاحب کشمیر کمیٹی کاپرانا قرض اتاریں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے نہ صرف اداروں میں اصلاحات لائی بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے امیج کو بحال کیا جس کی وجہ سے آج مختلف ممالک کی کرکٹ ٹیمیں کئی دہائیوں بعد پاکستان آرہی ہیں۔ملکی تاریخ میں پہلی بار غیر ملکی سرمایہ کاری میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔کورونا کی تباہ کاریوں کے باوجود ملکی معیشت میں استحکام آیا۔ کرونا وبا کے دوران دنیا بھر میں عمران خان کے اقدامات کی تعریف کی گئی ، دنیا میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا جارہا ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے عمران خان کے حالیہ پیکج کو ایک تاریخی کارنامہ قراردیتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن والے اپنی سیاست کو بچانے کیلئے ہاتھ پیر مار رہے ہیں۔اپوزیشن کا لانگ مارچ اپنی سیاست بچانے کیلئے ہے۔ اس سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑیگا۔پاکستان کے عوام عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں ،انشاءاللہ اگلے پانچ سال بھی عمران خا ن ہی وزیراعظم ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکنوں کو جائز مقام دیں گے۔ کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی ، تحریک انصاف کے دور میں تمام علاقوں میں بلاتخصیص تعمیر وترقی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن مقررہ مدت پر ہو ں گے۔احتساب کا شفاف نظام لا رہے ہیں۔اللہ تعالی نے خدمت کا موقع دیا ہے ، کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دونگا۔میرٹ ،آئین وقانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں