دبئی (پی آئی ڈی آزاد کشمیر ) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مجھے آج یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے اپنی مدد آپ کے تحت یہاں پر مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کومفت طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے یہ ہسپتال تعمیر کیا ہے جس میں یہاں پر مقیم کمیونٹی کے افراد کو ہر طرح کی بہترین طبی سہولیات میسر ہیں اوریہ یہاں متحدہ عرب امارات میں اوورسیز میں اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والاواحد ادارہ ہے جہاں پرمستحق پاکستانیوں اور کشمیریوں کی مدد کی جاتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں دبئی میں پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے زیر اہتمام چلنے والے فری ہسپتال اور دیگر پروجیکٹس کے تفصیلی دورے کے موقع پر کیا۔اس سے قبل جب صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے دورے پر پہنچے تو اُن کا صدر چنار ونگ امجد کبیر،ہیڈ آف پی ایم سی ڈاکٹر نسیم، ڈائریکٹر سپورٹس پاکستان ایسوسی ایشن ابوبکر امتیاز،ڈاکٹر شفقت محمود، راجہ محمد عاشق خان،ڈاکٹر شاہد زمان جائنٹ سیکرٹری، زاہد حسین ہیڈ آف کلچر،ہیڈ آف ایجوکیشن پاک ایسوسی ایشن دبئی داؤد شریف اور دیگر نے استقبال کیا۔ اس کے علاوہ کشمیر کمیونٹی سے معروف بزنس مین ساجد اقبال عباسی، واجد کبیر، ثاقب نعیم،طاہر گلزار سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر تقریب سے اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اس طرح کے پروجیکٹس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کسی بڑی نعمت سے کم نہیں اوراس ادارے کے قیام سے متحدہ عرب امارات میں مقیم اوورسیز پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی مشکلات کو کم کرنے میں مددملے گی۔
پاکستان ایسویسی ایشن کے زیر اہتمام اس طرح کے پروجیکٹس کا قیام ہمارے لئے باعث فخرہے۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے ذمہ داران کو مبارکبادپیش کرتا ہوں کہ جنھوں اپنی مدد آپ کے تحت کمیونٹی کی سپورٹ کے ساتھ اتنا بڑا ادارہ بنایا ہے۔ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اپنے لوگوں کی ہر ممکن خدمت کرنے میں اپنی تاریخ رکھتی ہے۔ اس موقع پر جائنٹ سیکرٹری شاہد زمان نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے حوالے سے صدر ریاست کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایسوسی دبئی نے صحت عامہ کو دیکھتے ہوئے پی ایم سی کا قیام عمل لایا تاکہ مستحق افراد کی خدمات کی جاسکے۔ اس کے علاوہ زلزلہ زدگان اور سیلاب متاثرین کے لئے مختلف مد میں امداد کرتے رہے ہیں۔اس کے علاوہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں معمولی جرائم میں پھنسے قیدیوں کی رہائی کے لئے لیگل سپورٹ فراہم کر رہا ہے۔ گزشتہ دو سال سے کرونا کی صورتحال میں فوڈ پیکج کا اہتمام بھی کیا جس کے تحت مستحقین میں خوراک اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا گیا۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں