سفیر کشمیر عمران خان ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے، وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر کے وزیراطلاعات، قانون انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ سفیر کشمیر عمران خان ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے۔ اپوزیشن گلگت بلتستان کے معاملے پر سیاست کرنے کے بجائے اپنی لیڈر شپ سے پوچھے کہ انہوں نے کشمیریوں کے لیے کیا کیا، عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہیں جنہوں نے تمام بین الاقوامی فورمز پر جانداز انداز میں کشمیریوں کی ترجمانی کی اور دنیا تک کشمیریوں کی آواز پہنچائی۔

عمران خان کے بغض میں اپوزیشن قومی کا ز کا نقصان نہ پہنچائے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق ملنے چاہیئے اور اس سلسلہ میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قدم اٹھایا جائے گا۔ اپوزیشن منفی سیاست سے عوام کو ورغلانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔آزاد کشمیر کے گزشتہ انتخابات میں بھی ن لیگ اور پی پی نے عوام کو کشمیر ایشو پر مس گائیڈ کرنے کی کوشش کی لیکن آزاد کشمیر کے عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئے بلکہ عمران خان کی کشمیر پر خارجہ پالیسی پر مکمل اعتماد کا اظہار کر کے آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کو اقتدار میں لایا۔ عمران خان کی کامیابیاں اپوزیشن کی ہضم نہیں ہو رہیں، اپوزیشن کے پاس عمران خان کی حکومت پر تنقید کا کوئی اور جواز نہیں بچا جس لیے وہ گلگت بلتستان کے معاملے کو لیکر اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانا چاہتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے جس انداز سے کشمیریوں کی دنیا میں ترجمانی کی اس پر پوری کشمیری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔عمران خان کی پالیسیوں پر کشمیریوں کو مکمل اعتماد ہے، عمران خان کی کاوشوں سے اس وقت مسئلہ کشمیر دنیا کا فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس انداز سے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ اپوزیشن کشمیر ایشو پر سیاست کرنے کے اپنی مرکزی لیڈر شپ سے پوچھے کہ انہوں نے کشمیر ایشو پر کیا کام کیا۔ عمران خان نے پوری دنیا میں جس انداز سے انتہا پسند مودی اور آر ایس ایس کی فاشسٹ آئیڈیالوجی کو بے نقاب کیا ہے اس سے دنیا میں پاکستان اور کشمیریوں کے موقف کو تقویت ملی ہے۔ دنیا جان چکی ہے کہ کشمیریوں کو انکا حق دیے بغیر خطہ میں امن نہیں ہو سکتا۔ انہو ں نے کہاکہ اپوزیشن جانتی ہے کہ سفیر کشمیر عمران خان نے ان کی مک مکا کی سیاست ختم کر دی ہے، اپوزیشن کے پاس عمران خان پر تنقید کرنے کا کوئی جواز نہیں بچا اس لیے وہ کشمیر کے معاملے پر سیاست چمکا رہے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close