آئین و قانون کی بالادستی کے لیے وکلاءبرادری حکومت کے ساتھ تعاون کرے، ہجیرہ، عباس پور بار ایسوسی ایشنز کے وفد کی وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ملاقات

کوٹلی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آئین و قانون کی بالا دستی اور آئین کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، آئین و قانون کی بالا دستی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا آزادکشمیر کے عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

تحریک انصاف آزادکشمیر نے برسر اقتدار آتے ہی آزاد کشمیر میں طویل عرصہ سے جاری عدالتی بحران کا خاتمہ کیا اور اعلیٰ عدلیہ میں میرٹ پر جج صاحبان کی تعیناتیاں یقینی بنائی۔ حکومت وکلاء برادری کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے، وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وکلاء معاشرے کا اہم طبقہ ہیں انہیں نظر انداز نہیں ہونے دیں گے، آئین و قانون کی بالادستی کے لیے وکلاءبرادری حکومت کے ساتھ تعاون کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہجیرہ اور عباس پور بار ایسوسی ایشنز کے نمائندہ وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ ہجیرہ اور عباس پور بار ایسوسی ایشنز کا وفد راجہ سکندر ایڈووکیٹ،سردار واجد ایڈووکیٹ،سردار رئیس انقلابی ایڈووکیٹ،مشتاق خان ایڈوکیٹ پر مشتمل تھا،دونوں وکلاء وفد کی طرف سے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو تقاریب حلف میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی جو وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے قبول کر لی۔

وکلاء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ سستے اور بروقت انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا، آزادکشمیر کے اندر آئین و قانون کی بالا دستی یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت آئین و قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے قانون کی حکمرانی ہمارے منشور کا حصہ ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ماضی میں آزادکشمیر کی اعلیٰ عدلیہ کو بحران سے دوچار رکھا گیا ماضی کے حکمران اعلیٰ عدلیہ کے بحران کے حل میں سنجیدہ نہیں تھے، تحریک انصاف نے برسر اقتدار آتے ہی آزادکشمیر میں اعلیٰ عدلیہ کے بحران کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور اعلیٰ عدلیہ میں طویل عرصہ سے جاری بحران کا خاتمہ کر کے ججز کی تعیناتیاں یقینی بنائی اور عوام کو انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر وکلاء برادری کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے پر عزم ہے، ہجیرہ میں جلد جوڈیشل کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ وکلاء کو پیشہ وارانہ امور کی بہتر انجام دہی کے لیے جملہ سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

آئین و قانون کی حکمرانی یقینی بنانے میں وکلاء برادری کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے وکلاء معاشرے کا تعلیم یافتہ اور اہم طبقہ ہیں آئین و قانون کی بالا دستی کے لیے وکلاء کی تجاویز کا حکومتی سطح پر بھرپور خیر مقدم کیا جائے گا اس موقع پر وکلاء وفد نے حکومت آزادکشمیر کی طرف سے عدلیہ بحران کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کردار،آئین و قانون کی بالادستی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ آزادکشمیر بھر کی وکلاء برادری آئین و قانون کی بالا دستی آزادکشمیر کے عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے حکومت کے ساتھ غیر مشروط تعاون کرے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close