دبئی (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے دبئی میں ایکسپو 2021-22میں کشمیر پویلین کا افتتاح کر دیا۔ دبئی میں یہ ایکسپو پچھلے پانچ ماہ سے جاری ہے اور یہ اس کا آخری مہینہ ہے اور اس میں آج سے ایک ماہ کے لئے کشمیر پویلین کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یہ ایکسپو پچھلے پانچ ماہ سے چل رہی ہے اور آج میں نے اس ایکسپو میں کشمیر پویلین کا افتتاح کیا ہے جس میں کشمیر کے کلچر، تاریخ اور سرمایہ کاری کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس ایکسپو میں کشمیر پویلین سے آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔
میں نے دبئی میں اپنے قیام کے پچھلے تین دنوں میں یہاں کے مقامی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں ہیں اور انہوں نے آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور یہاں پر اس ایکسپو میں سرمایہ کاروں کی مختلف ٹیمیں آزادکشمیرایکسپو میں آئیں گی اور یہاں پر انہیں مختلف شعبہ جات اور آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان کے متحدہ عرب امارات میں سفیر افضال محمود نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا دبئی ایکسپو پہنچے پر استقبال کیا اور انہیں دبئی ایکسپو میں مختلف پویلین کا دورہ کرایا اور انہیں کشمیر پویلین کے دورے کے دوران اس میں موجود مختلف سٹالز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
اس موقع پر اُن کے ہمراہ دبئی میں پاکستان کے قونصلر جنرل حسن افضل خان، سیکرٹری ٹورازم آزادکشمیر منصور قادر ڈار، دبئی ایکسپو میں کشمیر پویلین کے انچارج ملک رضوان اور دیگر زعماء بھی موجود تھے۔ بعد ازاں دبئی ایکسپو کے دورے کے بعد صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جہاں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششیں کر رہے ہیں وہاں پر ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ آزادکشمیر کو اقتصادی طور پر خودکفیل بنانے کے لئے بھی اقدامات اُٹھائیں کیونکہ آزادکشمیر میں ہائیڈرو اور سیاحت کے بڑے پوٹینشل ہیں اور اسی طرح مختلف معدنیات، قیمتی پتھروں جن میں روبی اور دیگر شامل ہیں وافر مقدار میں سرمایہ کاری کے مواقع میسر ہیں۔
میں سرمایہ کاروں سے کہوں گا کہ وہ آزادکشمیر میں آئیں اور سرمایہ کاری کریں میری حکومت آپ کو ہر طرح سے معاونت اور سہولیات فراہم کرے گی۔ آزادکشمیر میں سیکورٹی کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے ہم آپ کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔ میں نے اپنے دبئی کے دورے کے دوران یہاں پر مختلف سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں ہیں اور انہوں نے آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے اپنی گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر افضال محمود نے بھی میڈیا کو بریف کیا اور کہا کہ ہم صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتہائی مشکور ہیں کہ انہوں نے اس ایکسپو کا دورہ کیا اور آج یہاں کشمیر ایکسپو کا بھی افتتاح کیا۔
پاکستان کے سفیر افضال محمود نے ایکسپو کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم نے بڑی محنت سے یہاں پر مختلف پویلین لگائے اور گزشتہ پانچ ماہ سے یہ ایکسپو جاری ہے اور آج اس کا آخری مہینہ شروع ہوا ہے جس میں ہم نے کشمیر پویلین کا آغاز کر دیا ہے۔ اس ایکسپو سے پاکستان اور آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع میسر آئیں گے۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں