درہ شیر خان (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے، ایل او سی پیکج پر تیز رفتاری سے عمل درآمد ہو رہا ہے، متاثرین ایل او سی کے لیے بنکرز تعمیر کیے جا رہے ہیں جبکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے رابطہ سڑکوں کی تعمیر کی جا رہی ہے، ایل او سی کے عوام کے لیے صحت کی سہولیات کی ہمہ وقت فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،
لائن آف کنٹرول کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، پاک فوج کشمیریوں کی محافظ ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں بہت جلد مسئلہ کشمیر حل ہو گا، وزیراعظم پاکستان عمران خا ن غریب کا درد رکھتے ہیں، عوام کے مسائل کے پیش نظر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے درہ شیر خان روڈ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے وزیر تعمیرات عامہ اظہر صادق کے ہمراہ ساڑھے سات کلو میٹر لمبی روڈ کا سنگ بنیاد رکھا، محکمہ شاہرات کے حکام نے وزیراعظم کواس منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر وزیر تعمیرات عامہ اظہر صادق نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں بڑی تعداد میں اہلیان علاقہ نے شرکت کی۔وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، ہر حق دار کو اس کا حق ملے گا عوام کی بلاتخصیص خدمت ہمارا مشن ہے اور اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچاؤں گا گزشتہ 10سال سے عباسپور حلقہ میں کوئی قابل ذکر کام نہیں ہوا۔ لوگوں کو بے پناہ مسائل کا سامنا ہے اور یہ حلقہ لائن آف کنٹرول پر واقع ہے لیکن صحت اور سفری سہولیات سے محروم رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، بلا تخصیص عوام کی خدمت کی جا رہی ہے، 6ماہ کے عرصہ میں بحیثیت وزیراعظم آزادکشمیر میں نے وزیراعظم پاکستان سے سب سے زیادہ ملاقاتیں کی ہیں عمران خان آزادکشمیر کی ترقی اور ریاستی عوام کی خوشحالی میں بے پناہ دلچسپی رکھتے ہیں اور آزادکشمیر کے لیے بھرپور وسائل مہیا کر رہے ہیں۔ مشکلات کے باوجود عمران خان نے ملک کے عام اور غریب آدمی کے لیے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کے خوف سے اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کے خلاف واویلا کر رہی ہے،
قوم نے اپوزیشن کے واویلے کو مسترد کر دیا ہے، اس وقت ساری اپوزیشن اکھٹی ہو کر عمران خان کے خلاف بر سر پیکار ہے لیکن ماضی کی طرح اب بھی انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اپوزیشن قوم کو گمراہ کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر کھڑے ہو کر وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے آزادکشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیا اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے جرات مندانہ کردار ادا کیا، وزیراعظم پاکستان کے جاندار موقف کے نتیجے میں دنیا آج مسئلہ کشمیر کی بات کر رہی ہے۔
وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ریاست کے سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال پر یقین نہیں رکھتا کیونکہ کل رب تعالیٰ کے حضور جوابدہ بھی ہونا ہے آزادکشمیر کے اندر احتساب کا عمل تیز کر رہے ہیں لیکن یہ یقینی بنائیں گے کہ کسی کے ساتھ نا انصافی یا زیادتی نہ ہو ہم انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں