پنجیڑہ (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں، عمران خان کی اسی دلچسپی کا مظہر ہے کہ آزاد کشمیر کے عشروں پرانے معاملات یکسو ہو رہے ہیں واٹر یوز ز چاجز میں اضافے کا معاہدہ طے پا گیا ہے، اب آزادکشمیر کو سالانہ 12ارب روپے سے زائد کی آمدن ہو گی جو کہ اس سے 75کروڑ روپے سالانہ تھی۔
آزادکشمیر کے بڑے منصوبہ جات جو وفاق سے متعلق ہیں ان کی فائلیں اب کشمیر کونسل کے بجائے براہ راست پلاننگ ڈویژن و وفاقی محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو ارسال ہو رہی ہیں وزیراعظم عمران خان کی کمال مہربانی سے فائلیں ارسال کرنے کا طریقہ آسان ہو گیا ہے اب آزاد کشمیر کا محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات منصوبوں کی فائلیں براہ راست پلاننگ ڈویژن کو ارسال کرے گا آزادکشمیر کے اندر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جا رہا ہے، اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنا عمران خان کا ویژن ہے اس ویژن پر عملدرآمد کریں گے،
وزیراعظم پاکستان کے 500ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج سے آئندہ 5سے 6سال کے دوران آزادکشمیر کی تقدیر بدل جائے گی وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف مخالفین کے تمام تر حربے ناکام ہو گئے ہیں، عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف 2023کے انتخابات میں بھی تاریخی فتح حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجیڑہ میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ پروگرام سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری اخلاق، ممبر کشمیر کونسل سردار رزاق ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے پنجیڑہ میں سائنس ہائیر سیکنڈری سکول،واٹر سپلائی سکیم اور پختہ سڑک کی تعمیر کے اعلانات بھی کیے۔
وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی،خطہ کی ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر گامزن ہیں ریاست اور عوام کے مفاد کو مدنظر رکھ کر کام کر رہے ہیں عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انسانوں کی دنیا میں اختلاف رائے ہوتا ہے اور اصلاح کے لیے اختلاف رائے ضروری بھی ہے لیکن اختلاف برائے اختلاف نہیں ہونا چاہیے ہم نے اپنے وقار کو زندہ رکھنا ہے اور آگے بڑھنا ہے لیڈر شپ کا کمال یہی ہوتا ہے کہ وہ عوام کے مفاد کو مد نظر رکھ کر فیصلے کرے،
ہمارا ایجنڈا ریاستی عوام کی ترقی اور خوشحالی ہے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کریں گے۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر عمران خان نے جاندار موقف اختیار کیا، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی آواز بلند کی یہی وجہ ہے کہ آج دنیا کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کی بات کر رہی ہے عمران خان نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے جرات مند لیڈر ہیں آزادکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عمران خان نے وہ کام کیے ہیں ماضی میں جن کی مثال نہیں ملتی۔
صحت کارڈ پروگرام سے آزادکشمیر کا ہر امیر و غریب آدمی مستفید ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کا میکنزم طے کر کے اس پر عملدرآمد کر رہے ہیں، ریاستی عوام اور نوجوانوں کے مفاد کو مد نظر رکھے کر فیصلے کیے جا رہے ہیں لوگوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کا عزم کر رکھا ہے عمران خان کے ویژن کے مطابق تعمیر و ترقی کے عمل میں تیزی لائی گئی ہے خدمت کا یہ سفر 5سال تک جاری رہے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں