مظفرآباد اور پونچھ تعلیمی بورڈز کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کر دیا جائے گا، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کا نجی کالج میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب

ہجیرہ (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ مظفرآباد اور پونچھ تعلیمی بورڈز کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کر دیا جائے گا، تعلیم ہماری حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، تعلیم پر سرمایہ کاری قوم کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے ان خیالات کا اظہار نجی کالج میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے میرپور بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

تقریب میں سابق امیدوار اسمبلی سردار ارزش، کمشنر پونچھ و دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی روشنی میں ریاست بھر میں عوام کی خدمت کا عمل جاری رکھیں گے، بلاتحصص عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہیلتھ کارڈ کی سہولت دی جس سے غریب اور امیر سب مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خود کو کشمیریوں کا سفیر ثابت کیا، دنیا بھر میں کشمیریوں کیلئے آواز بلند کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کورونا جیسی مہلک وبا کے دوران غریب اور متوسط طبقے کے چولہے نہیں بجھنے دیے، عمران خان کی کورونا وبا کے خلاف بہترین حکمت عملی کی دنیا معترف ہے۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ آج ہمیں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، وہ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، ہمیں ایک ہو کر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے آگے بڑھنا ہو گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں