مارچ میں مظفرآباد میں ایک کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں شریک ہوں گی، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا دبئی میں کشمیری کمیونٹی سے خطاب

دبئی ( پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں تما م سیاسی جماعتیں اکٹھی ہو چکی ہیں۔ میں جب صدر ریاست بنا تو میں نے اعلان کیا تھا کہ میں کسی ریاست یا صوبے کا نہیں بلکہ آزادی کے بیس کیمپ کا صدر ہوں اور آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور ہم آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنائیں گے۔ یہاں سے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر بھرپور انداز میں عالمی سطح پر آواز بلند کریں گے کیوں کہ بھارت نے 5اگست 2019 کو ارٹیکل 370اور 35Aکو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کی کوشش کی۔

جس پر میں نے عالمی سطح پر کشمیریوں کی آواز بلند کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں پہلے میں نے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے دورے کیے بعد ازاں میں نے آزادی کے بیس کیمپ کی سیاسی قیادت کی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس بلائی جس میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لیے اہم فیصلہ جات کیے گئے۔ جس کی روشنی میں ہم نے گذشتہ ہفتے اسلام آباد میں بڑی کشمیر ریلی منعقد کی۔ اس ریلی میں آزا دکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں پاکستان قونصلیٹ دبئی میں کشمیری کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت دبئی میں پاکستان کے کونسلر جنرل حسن افضل خان نے کی جبکہ جلسہ عام سے سردار شبیر خان، ایاز کیانی، راجہ راشد علی، سردار جاوید یعقوب، راجہ عبدالجبار، چوہدری اخلاق، راجہ عاصم بٹ، سکندر چوہدری، سید وقار گردیزی، راجہ شہباز، سردار سیاب سلیم، فاروق بانیاں، محمد عاقب و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پاکستان قونصلیٹ دوبئی پہنچے تو ان کا ولہانہ استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر جلسہ سے اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جواپنی جانوں کی قریبانیاں دے کر تحریک آزادی کشمیر کو سینچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور ہم یہاں سے جارہانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔ مارچ میں مظفرآباد میں ایک کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جس میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں شریک ہوں گی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ریلی ایک تاریخ ساز ریلی تھی جس میں ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کی غمازی ہے کہ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر پر ایک پیج پر اکٹھی ہوچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اوور سیز کشمیر اور ان کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ہم ان کے حل کے لیے ہر سطح پر کوششیں کریں گے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close