بلوچ/ سدھنوتی (پی آئی ڈی) وزیر اطلاعات، قانون، انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں میرٹ کی بالا دستی، انصاف کی فراہمی اور گڈ گورننس کے قیام کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، احتساب کے نظام کو درست کر کے کرپشن کا جڑ سے خاتمہ کریں گے، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی روزانہ 15، 15 گھنٹے کام کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت حقیقی معنوں میں تبدیلی لا کر عوام کو درپیش مشکلات دور کریں گے۔
پچھلی حکومتوں نے سفارشی کلچر کو پروموٹ کیا، ہمارا علاقہ غازیوں اور شہیدوں کی سر زمین ہے جس کے ہر گھر میں مجاہد موجود ہے جو کشمیر کی آزادی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، رائے محمد حسین مرحوم ایک نامور مجاہد تھے، ان لوگوں کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم آزادی کا سانس لے رہے ہیں،علاقے کے تمام مسائل سے آگاہ ہوں، تعمیر و ترقی کر کے مشکلات میں کمی لائیں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی نے دھمن پکھوناڑ کے مقام پر میجر ریٹائرڈ مشتاق کے والد رائے محمد حسین کی سالانہ برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب سے ممبر کشمیر کونسل سردار عبد الرزاق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر ایک درویش صفت انسان ہیں جو ریاست کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کوشش میں مصروف ہیں.
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پانچ سال پورے کشمیریوں کی نمائندگی کریں گے۔ برسی کی تقریب سے میجر ریٹائرڈ مشتاق، ضلعی صدر تحریک انصاف سدھنوتی سردار شاہد محمود، سابق چیئرمین عبداللہ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں