اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی لیڈیز ونگ کی سربراہ اور پی پی پی آزادکشمیر سیاسی امورکی انچارج میڈم فریال تالپور نے کہا ہے کہ ملک بھرکے عوام نے مہنگائی، غربت، بے روزگاری، لاقانونیت کیخلاف پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی سے عوامی مارچ کا آغاز کر دیا گیا ہے جو 8 مارچ کو اسلام آباد میں پہنچے گا، یہ مارچ پی ٹی آئی کی نااہل اور نالائق حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز زرداری ہائوس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی اور ٹکٹ ہولڈرز کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فریال تالپور نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام سلیکٹڈ حکمرانوں سے فی الفور نجات حاصل کرناچاہتے ہیں، عوام پریشان حال اور بے چینی کے حالات سے گزر رہے ہیں اور وہ جان چکے ہیں کہ اگر ملک کے اندر سیاسی اور معاشی استحکام قائم نہ ہوسکا تو عوام میں مزید ہمت نہیں رہے گی کہ وہ مہنگائی برداشت کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملکی گھمبیر حالات کا ادراک کرتے ہوئے ازخود اقتدار سے علیحدہ ہو کر حکومت عوام کے حقیقی نمائندوں کے حوالے کرے جوتباہ و برباد ہوتے ہوئے ملک کو مضبوط اور مستحکم بنانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ فریال تالپورنے اس امیدکااظہار کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بروقت لانگ مارچ شروع کیا ہے اور ساتھ ساتھ ملک کی اہم سیاسی جماعتوں اور گروپوں کے ساتھ قومی یکجہتی کے تحت سیاسی اورمعاشی استحکام کی کوششوں کاآغازکیا ہے، اس مقصد کی کامیابی کے لیے ریاست جموں وکشمیرکے عوام آگے بڑھیں اور لانگ مارچ کوکامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ آزادکشمیر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قومی سوچ کاساتھ دیا ہے اور پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے اپنی قیادت کی کال پر بڑھ چڑھ کرحصہ لیا ہے، اس مرتبہ پیپلزپارٹی آزادکشمیر لانگ مارچ میں سب سے زیادہ نمایاں نظرآئے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی آزاد کشمیرکے صدر چودھری محمدیاسین نے کہا کہ آزادکشمیر کے 10اضلاع اور مہاجرین مقیم پاکستان سے 20 ہزار سے زائد افراد لانگ مارچ میں شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعدادمیں گاڑیوں کاجلوس پیپلزپارٹی آزادکشمیرکے جھنڈے آویزاں کئے ہوئے اپنے نوجوان قائد چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کااسلام آباد راولپنڈی آمدپراستقبال کرے گا۔آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائدحزب اختلاف چودھری لطیف اکبرنے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری ایک معاملہ فہم اور زیرک سیاستدان ہیں، انہوں نے ملک اور عوام کی بدترصورتحال کے پیش نظرانتہائی مناسب وقت پر پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کے خاتمے کافیصلہ کیاہے اور لانگ مارچ کا انتہائی قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے فریال تالپور کو یقین دلایاکہ آپ کی ولولہ انگیزقیادت میں جس طرح آزاد کشمیرکے عام انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے لانگ مارچ میں بھی بڑی تعداد میں شریک ہو کرثابت کریں گے کہ پیپلزپارٹی آزادکشمیرایک بھرپور قوت ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر و سابق وزیراعظم سردارمحمدیعقوب خان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے 27 فروری کوکراچی اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنے کاجس پرعزم طریقے سے آغازکیاہے یقینا پاکستان کے معروضی حالات اس انتہائی قدم کے متقاضی تھے،ہمیں یقین ہے کہ اس لانگ مارچ کے نتیجے میں عمران نیازی کی کمزورحکومت اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔انہوں نے آزادکشمیر کے عوام کو لانگ مارچ میں بھرپورطریقے سے شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی چودھری پرویزاشرف نے اعلان کیا کہ لانگ مارچ کی کامیابی میں پیپلزپارٹی آزادکشمیر اپنا کلیدی کرداراداکرے گی۔ اس سے قبل بھی جب چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کال دی ہے ہم نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیاہے،اس مرتبہ بھی عوامی مارچ کوکامیابی سے ہمکنارکریں گے۔اجلاس سے پارٹی کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتازراٹھور نے خطاب کرتے ہوئے عوامی مارچ کی ترتیب کیلئے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل،اسلام آباد اور راولپنڈی میں چیئرمین بلاول بھٹو کی آمد پر استقبال اور انتظام وانصرام کے حوالے سے شرکاء اجلاس کوآگاہ کیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں