وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کا جائزہ اجلاس، 2 ارب 80 کروڑ روپے کی ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کا جائزہ اجلاس،اجلاس میں 2ارب 80کروڑ روپے کی ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ترقیاتی بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو بریفنگ دی۔

اجلاس میں وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اعجاز احمد خان،سیکرٹری ٹو وزیراعظم ظفر محمود سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لئے موثر مانیٹرنگ کا نظام لاگو کیا جائے گا۔ جاریہ منصوبوں پر کام کی رفتار میں تیزی لائی جائے گی۔ محکمہ کے اندر موثر احتسابی عمل شروع کیا جائے گا۔ جو منصوبہ زمین پر نہیں لگے گا ذمہ داران کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ لوکل گونمنٹ کے بجٹ کے بروقت استعمال کو یقینی بنانے کے لئے سکیموں کی بر وقت نشاندہی کی جائے گی۔ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ ریاستی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے

حکومت آزادکشمیر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق دیہی علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے ہماری کوشش ہے کہ آزادکشمیر کے ہر گھر تک پانی،سڑک بجلی سمیت دیگر معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے آزادکشمیر کی آبادی کا زیادہ حصہ دیہاتوں میں رہائش پذیر ہے آبادی کے اس بڑے حصے کو بنیادی سہولیات مہیا کر کے شہروں کی طرف نقل مکانی کے رجحان میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ ترقیاتی بجٹ کے تصرف میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، لوکل گورنمنٹ کے منظور شدہ منصوبے زمین پر نظر آنے چاہیے۔ ماضی کی طرح بوگس سکیموں کا خاتمہ کیا جائے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ ترقیاتی سکیموں کی موثر مانیٹرنگ کرے تاکہ منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے ساتھ ساتھ بجٹ کا درست تصرف ممکن ہو سکے۔ بوگس اور فرضی سکیمیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔ اگر کوئی منصوبہ کاغذات میں موجود ہوا اور زمین پر نظر نہ آیا تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکومت آزادکشمیر کے اندر وسائل کا درست تصرف یقینی بنانے کے لیے کڑے احتساب کا آغاز کر رہی ہے۔ وسائل کا درست استعمال نہ کرنے والوں کو کڑے احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ہدایت کی کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ ریاستی انفراسٹریکچر کی بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کرے۔ جاریہ منصوبوں کو کوالٹی اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے لوکل گورنمنٹ کے ترقیاتی بجٹ کو ضائع ہونے سے بچانے اور فنڈر کے بروقت استعمال کے لیے سکیموں کی بروقت نشاندہی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام انتخابی حلقوں میں فنڈز کی مساویانہ تقسیم یقینی بنائی جائے۔ منظور شدہ اور مکمل شدہ منصوبوں کا مکمل ڈیٹا رکھا جائے اور منصوبوں کی ڈاکومنٹیشن کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزاد خطہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے فنڈز کی قلت نہیں تعمیر و ترقی کے لیے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کر رہی ہے وزیراعظم پاکستان عمران خان آزادخطہ کی تعمیر ترقی اور خوشحالی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں انہوں نے ترقی اور خوشحالی کے لیے جملہ ضروریات پوری کرنے کی یقینی دہانی کرا رکھی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں